سر اور دھڑ جڑے بچے ۔۔ سعودی عرب میں جسمانی طور پر جڑے 2 بچوں کو آپریشن کرکے الگ کردیا

ہماری ویب  |  May 17, 2022

جڑواں بچوں کی پیدائش ہو اور وہ ایک ساتھ جڑے ہوئے ہوں تو بچوں اور والدین دونوں کو پریشانی اٹھانی پڑتی ہے کیونکہ بچوں کے سر اور دھڑ کو الگ کرنے میں طویل آپریشنز کیے جاتے ہیں جو بہت زیادہ مہنگے ہوتے ہیں اور پھر ان میں ڈاکٹر کسی قسم کی کوئی ضمانت نہیں دیتے ہیں کہ آیا بچے زندہ بچ پائیں گے بھی یا نہیں۔

سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی ہدایت کے مطابق سر اور دھڑ جڑے 2 یمنی بچوں یوسف اور یاسین کو 15 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد الگ کر دیا گیا۔ آپریشن میں پیڈیاٹرک نیورو سرجری، پلاسٹک سرجری، اینستھیزیا، نرسنگ اور دیگر تکنیکی ماہر کے 24 ماہرین ڈاکٹروں نے حصہ لیا اور کامیاب آپریشن کیا۔

یہ ان بچوں کا پہلا آپریشن نہیں تھا بلکہ اس سے قبل دونوں جڑواں بچوں کے دماغی رگوں کو الگ کرنے کے لیے 2 آپریشنز بھی کیے گئے تھے۔ بچوں کو الگ کرنے کے لئے ایک ہی آپریشن کے 4 حصے کئے گئے۔ پہلے اینستھیزیا، پھر سرجیکل اور نیویگیشن، اس کے بعد کھوپڑی اور دماغ کی علیحدگی پھر سب سے آخر میں دماغ کی بحالی کا آپریشن کیا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں جڑواں بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام کے تحت ملک میں یہ 51 واں آپریشن ہے جس میں 3 براعظموں کے 23 ممالک کے 122 سے زیادہ جڑواں بچوں کے کامیاب آپریشنز کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More