پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری اسلام آباد سے گرفتار

اردو نیوز  |  May 21, 2022

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے سنیچر کو اسلام آباد سے شیریں مزاری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اپنی ٹویٹ میں شیریں مزاری کی گرفتاری کی اطلاع کا ذکر کیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے پارٹی ورکرز کو اسلام آباد کے تھانہ کہسار پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد سے انہیں گرفتار کیا جو کہ اسی مقصد کے لیے اسلام آباد آئی تھی۔

شیریں مزاری کی گرفتاری ڈیرہ غازی خان میں درج ہونے والے ایک مقدمے میں کی گئی ہے۔ جس میں ان کے خاندان پر اراضی غیرقانونی طریقے سے کمپنی کے نام منتقل کرنے کا کیس بنایا گیا ہے۔

ان کی بیٹی ایمان زینب مزاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’مرد پولیس افسران نے میری والدہ کو مارا اور پکڑ کر لے گئے۔ مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور نے ان کو حراست میں لیا ہے۔‘

ان پر 1972میں غیرقانونی طریقے سے اراضی کو کمپنی کے نام منتقل کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان کے والد کی جانب سے یہ اراضی کمپنی کے نام منتقل کی گئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More