اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نئے آرمی چیف اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی فوجی قیادت آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کردارادا کرے گی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائے گا، ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا درد رکھنے والے اداروں اور شخصیات کو انتخابات کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضع طور پر ملک میں تفریق پیدا کی۔
جاری کردہ اعلامیے میں پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ و تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہید کر دیے گئے۔