وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی کی ملاقات

اے پی پی  |  Mar 27, 2024

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی ہے۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے لئے ترکی کے سفیر کا خیر مقدم کیا۔

خوشگوار تبادلہ خیال کے دوران فریقین نے ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار پر زور دیا جو دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا اور تعلیم اور قانون کے شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترکیہ کے سفیر کو تعلیم کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا اور تعلیمی مواقع کو بڑھانے، پاکستان کی ترجیحی فہرست میں موجودگی کے لیے کیے گئے اقدامات کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات کے موقع پر دونوں ملک کی عوام کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کا اعادہ کیا گیا، جو خطے اور اس سے باہر امن، خوشحالی اور ترقی کی مشترکہ خواہشات کی عکاسی کرتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور تعاون کے بندھن کو مزید وسعت دینے کے لیے قریبی رابطوں اور مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More