وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے عبداللہ فادل کی قیادت میں یونیسیف کے وفد کی ملاقات

اے پی پی  |  Mar 28, 2024

پشاور۔ 28 مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے عبداللہ فادل کی قیادت میں یونیسیف کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں یونیسیف کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مستقبل میں صوبائی حکومت اور یونیسیف کے درمیان اشتراک کار کے دائرے کو مزید وسعت دینے سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریز بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے یونیسیف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چند اہم شعبوں میں یونیسیف کے مزید تعاون کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کی اپگریڈیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سکولوں، مدارس اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں یونیسیف کا تعاون درکار ہے، صوبائی حکومت صوبے کے مستحق گھرانوں کو بھی شمسی توانائی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ضم اضلاع کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کےلئے صوبائی حکومت کو یونیسیف کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہے،گزشتہ کئی دہائیوں سے خطے میں جاری صورتحال سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبے کو معاشی طور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔نمائندہ یونیسیف عبداللہ فادل نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کےلئے خیبر پختونخوا یونیسیف کا ترجیحی صوبہ ہے، یونیسیف خیبر پختونخوا میں تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت دیگر سماجی شعبوں میں کام کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف پولیو پروگرام میں صوبائی حکومت کا سب سے بڑا شراکت دار ہے. یونیسیف ان شعبوں میں صوبائی حکومت کے وژن پر عملدرآمد کے لئے تعاون مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More