ازبکستان کے وزیر خارجہ اور ڈپٹی ٹریڈ سیکرٹری بی ٹو بی اور جی ٹو جی مذاکرات کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

اے پی پی  |  Mar 29, 2024

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):ازبکستان کے وزیر خارجہ اور ڈپٹی ٹریڈ سیکرٹری بی ٹو بی اور جی ٹو جی مذاکرات کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد تجارت کا فروغ ہے، زراعت، فارماسیوٹیکلز، تعمیراتی مواد، ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبوں میں امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزارت تجارت کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ازبکستان کے سفیر نے وزیر تجارت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جمعہ کو ملاقات کی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کا فروغ تھا۔ اس موقع پر ایبک عارف عثمانوف نے سیاست میں وفاقی وزیر جام کمال کے تجربے کی تعریف کی اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی ان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے بی ٹو بی اور جی ٹو جی معاہدوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ اور ڈپٹی ٹریڈ سیکرٹری نے بی ٹو بی اور جی ٹو جی بات چیت کے لیے جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد تجارت کو فروغ دینا ہے۔ زراعت، فارماسیوٹیکلز، تعمیراتی مواد، ٹیکسٹائل اور چمڑے جیسے شعبوں میں امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے عثمانوف نے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے دونوں ممالک کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے بہتر رابطوں اور نئے تجارتی راستوں کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے دونوں اطراف سے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے قریبی رابطہ کاری کا عہد بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More