نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ نے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کی،ترجمان واپڈا

اے پی پی  |  Mar 29, 2024

لاہور۔29مارچ (اے پی پی):منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے بعد نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ نے گزشتہ روز اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ترجمان واپڈا نے جاری بیان میں بتایا کہ ٹیل ریس ٹنل کے معائنہ کے بعد نیلم جہلم پراجیکٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں بجلی کی پیدا وار دوبارہ شروع کی تھی۔پراجیکٹ سے پانی کی دستیابی کے مطابق لگاتار بجلی پیدا کی جارہی ہے،جو ماہِ رمضان میں دِن کے مختلف اوقات خصوصا سحر اور افطار کے دوران نیشنل گرڈ کو فراہم کی جارہی ہے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ لو فلو سیزن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور سٹیشن کے آپریشن کی گزشتہ سال بحالی کی گئی،ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے لئے10 جنوری کو بند کیا گیا تھا،جس کے بعد ٹیل ریس ٹنل کی تفصیلی انسپکشن کی گئی۔بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے بھی ٹیل ریس ٹنل کا معائنہ کیا۔969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا نیلم جہلم اپنی نوعیت کا منفرد پن بجلی منصوبہ ہے،جس کا 90 فیصد حصہ زیر ِ زمین تعمیر کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں دریائے نیلم پر 2018 میں مکمل کئے گئے اِس منصوبے کے اہم حصوں میں نوسیری کے مقام پر تعمیر کیا گیا ڈیم52 کلو میٹر طویل سرنگوں پر مشتمل زیر زمین واٹر وے سسٹم اور چھتر کلاس کے مقام پر زیر زمین پاور ہائوس شامل ہیں۔پاور ہائوس میں چار پیداواری یونٹ نصب ہیں جن میں ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت242 اعشاریہ25 میگاواٹ ہے۔

نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کی سالانہ اوسطا پیداوار تقریبا 4 ارب60 کروڑ یونٹ ہے اور یہ پراجیکٹ اب تک نیشنل گرڈ کو 19 ارب56 کروڑ20 لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کر چکا ہے۔نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ پاکستان میں بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More