پی آئی اے کی ایئرہوسٹس سے دو پاسپورٹ برآمد، کینیڈا کے ایئرپورٹ پر زیرِحراست

اردو نیوز  |  Mar 29, 2024

پاکستان کی قومی ایئرلائن کی فضائی میزبان کے پاس خلاف ضابطہ ایک سے زائد پاسپورٹ کی موجودگی پر انہیں کینیڈا کے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق ایئر ہوسٹس کو معطل کرکے وطن واپس بلوا لیا گیا ہے۔پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی حنا ثانی نامی ایک فضائی میزبان کو اس وقت کینیڈا کے ایک ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا جب وہ لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 789 میں سفر کے بعد ایئرپورٹ سے باہر جا رہی تھیں۔ 

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق ’ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فضائی میزبان کے پاس مبینہ طور پر ایک زائد پاسپورٹ موجود تھے جس کی وجہ سے انہیں ایئرپورٹ روکا گیا تھا۔‘انہوں نے بتایا کہ ’واقعے کی اطلاع ملنے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے عملے نے اس معاملے کو دیکھا ہے۔ فضائی میزبان خاتون اس وقت کینیڈا میں زیرحراست نہیں ہیں۔

وہ سنیچر کو پی آئی اے کی پاکستان آنے والی پرواز میں واپس وطن پہنچیں گی۔ پی آئی اے نے واقعہ کو دیکھتے ہوئے فضائی میزبان کو معطل کردیا ہے۔ اس کے علاوہ خاتون کی وطن واپسی پر معاملے کی مزید تحقیقات کی جائیں گی۔یاد رہے کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن کے کئی فضائی میزبان گذشتہ چند ماہ کے دوران کینیڈا میں غائب ہوچکے ہیں۔ اس وجہ سے قومی ایئرلائن کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

24 جنوری کو فائزہ مختار نامی فضائی میزبان اسلام آباد سے ٹورنٹو کی پرواز نمبر پی کے 781 پر تعینات تھیں جو کینیڈا پہنچنے پر ایئرلائن کے عملے کو بنا اطلاع دیے چلے گئیں۔ترجمان پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’مبینہ طور پر غائب ہو جانے والی خاتون کو ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز 784 پر فرائض انجام دینا تھے۔‘

اس سے قبل بھی پی آئی اے کے عملے کے کئی ارکان کینیڈا میں غائب ہو چکے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

ادارے کی جانب سے فائزہ مختار کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔ اسی طرح نومبر 2023 میں پی آئی اے کے دو فضائی میزبان خالد محمود اور فدا حسین شاہ کینیڈا میں غائب ہو گئے تھے۔ جہاز کے عملے میں شامل دونوں فضائی میزبان پاکستان سے ٹورنٹو فلائٹ پی کے 772 پر روانہ ہوئے تھے، تاہم واپسی پر وہ اپنی پرواز میں نہیں پہنچے تھے۔اس سے قبل جنوری 2022 میں بھی پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے فلائٹ سٹیورڈ وقار احمد جدون بھی لاپتہ ہو گئے تھے۔ جولائی 2020 میں اسلام آباد سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچنے والی فلائٹ پی کے 781 کے فضائی میزبان یاسر بھی سلپ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد جنوری 2021 میں ایک مرد فلائٹ سٹیورڈ لاپتہ ہو گئے تھے، جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں معلوم ہوا تھا کہ زاہدہ بلوچ نامی ایئر ہوسٹس بھی لاپتہ ہو گئی تھیں جو 29 جنوری کی فلائٹ میں سوار تھیں۔ اسی طرح ستمبر 2018 میں ایک ایئر ہوسٹس فریحہ مختار بھی سلپ ہو گئی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More