فیس بک میسنجر چلانے والے صارفین کے لیے نئے اور دلچسپ فیچرز کی خوشخبری سنائی گئی ہے جن کا اعلان میٹا نے کردیا ہے۔
پہلا فیچر کچھ عرصے قبل واٹس ایپ میں متعارف کرائے گئے ایچ ڈی فوٹوز فیچر سے متاثر ہے۔
یعنی اب آپ میسنجر میں بھی ایچ ڈی فوٹوز بھیج سکتے ہیں۔
پہلے کسی تصویر کا انتخاب کریں اور پھر اسے بھیجنے سے قبل ایچ ڈی آپشن کو ان ایبل کر دیں۔ اس تصویر کے اوپری دائیں کونے پر ایچ ڈی کا ٹیگ بھی نظر آئے گا۔
دوسرا فیچر شیئرڈ البمز کا ہے جس میں آپ تصاویر اور ویڈیوز اپنے دوستوں اور گھر والوں سے شیئر کر سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے کسی گروپ چیٹ میں متعدد تصاویر کو سلیکٹ کرکے Create البم کے آپشن پر کلک کریں۔
پہلے سے موجود البم میں تصاویر اور ویڈیوز کو ایڈ کرنے کے لیے انہیں سلیکٹ کرکے ایڈ ٹو البم کے آپشن پر کلک کریں۔
گروپ چیٹ میں شامل ہر فرد ان تصاویر اور ویڈیوز کو دیکھ سکے گا جبکہ مزید تصاویر اور ویڈیوز بھی ایڈ کر سکے گا۔
اسی طرح ہر فرد ان شیئرڈ البمز میں موجود تصاویر یا ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کر سکے گا۔
تیسرا فیچر کیو آر کوڈ کے ذریعے میسنجر میں لوگوں کو ایڈ کرنے کا ہے۔
کمپنی کے مطابق تمام میسنجر صارفین کا ایک منفرد کیو آر کوڈ ہوگا جسے اسکین کرکے لوگوں کو ایڈ کرنا ممکن ہوگا۔
چوتھے فیچر کے مطابق اب میسنجر میں صارفین 100 ایم بی تک کی فائلز سینڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق تمام فارمیٹس بشمول ورڈ، پی ڈی ایف اور ایکسل فائلز کو بھیجنا ممکن ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔