ملک و قوم کی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے، نمائندہ اقوام متحدہ

اے پی پی  |  Apr 16, 2024

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):یو این ویمن نمائندہ برائے پاکستان لینسانا وننہ نے کہا ہے کہ تجارت اور تجارت میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت الفاظ سے بہت بڑھ کر ہے، معاشرے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے لازم ہے کہ اپنی خواتین کو بااختیار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے اشتراک سے منعقدہ  تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا مقصد عید ملن اور تجارتی میلے کے شرکا میں سرٹیفکیٹ کی تقسیم تھا۔ لینسانا وننہ نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو نمایاں ترقی کے موافق مواقع کی فراہمی کویقینی بنانا ہوگا،ہم مقابلے میں خواتین کو پیچھے چھوڑ دینے کی بجائے انہیں اپنے ہم قدم بلکہ خود سے ایک قدم آگے رکھنے میں فخر محسوس کریں تو اس سے بہتر اور کوئی بات نہیں ہوسکتی۔  قبل ازیں مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئےچیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نیلوفر بختیار نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہمارے معاشرے کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے، اس عید ملن پر تجارتی میلے جیسی تقریبات اور ان تقریبات کی نمایاں شراکت داروں کے ذریعے، ہم کاروبار کرنے والی خواتین کو ان کی مہارتوں کو بڑھانے،  کاروبار کو بہتر کرنے اور معیشت میں حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری خواتین کی حمایت کرکے، ہم ایک زیادہ جامع اور پائیدار معیشت تشکیل دے سکتے ہیں، اس طرح کے تجارتی میلے خواتین کو نیٹ ورکنگ اور ترقی کے مواقع فراہم کئے جانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ تقریب میں عید کے جذبے کا جشن منایا گیا اور تجارتی میلے کے چیمپئنز کو مختلف شعبوں کی مختلف مصنوعات اور خدمات کی نمائش کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان سرٹیفکیٹس میں شرکاء کی شاندار شراکت اور کامیابیوں کو تسلیم کیا گیا جو مقامی کمیونٹی میں انٹرپرینیورشپ اور جدت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایسی خواتین جو کہ چیمبر یا دیگر تجارتی فورم کی رجسٹریشن سے دور ہیں کے مسائل کے حل کے لئے سوچ اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔تقریب کے شرکا نے اس عظم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاکستان میں صنفی مساوات، خواتین کو با اختیار بنانے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کی مزید تقریبات منعقد کی جاتی رہیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More