حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت واستعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالیات کے جدیدماڈلز کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، وزیرخزانہ کی واشنگٹن میں ملاقاتوں کے دوران گفتگو

اے پی پی  |  Apr 17, 2024

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری اورپبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت واستعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالیات کے جدیدماڈلز کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارگزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک کے صدراجے بنگا، ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرمساتوگوآساکاوا اورڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسرسکاٹ ناتھن سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عالمی بینک کے صدر سے ملاقات میں وزیرخزانہ نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں عالمی بینک کے کردار اورتعاون پرروشنی ڈالی۔

وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے صدر کو سٹینڈبائی معاہدے کے تحت معیشت کی پائیدارنمو، ٹیکس، توانائی اورنجکاری کے حوالہ سے اصلاحات کے بارے میں بھی بتایا۔فریقین نے 10 برسوں کیلئے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان سے اتفاق کیا۔عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اورمحصولات میں اضافہ کیلئے اصلاحات اورڈیجیٹلائزیشن کے پروگرام کے ضمن میں اپنی مکمل حمایت کایقین دلایا۔وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے صدرکودورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرسے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ملکی ترقی اورسماجی خوشحالی میں عالمی بینک کے کردار اورتعاون کوسراہا۔ ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کومضبوط بنانے اورعایتی فنانسنگ ومستقبل کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق امورپرتوجہ مرکوز کی گئی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں بینک نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیاہے۔ دریں اثنا ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں کارپوریشن کی سرمایہ کاری میں توسیع سے متعلق امورکاجائزہ لیاگیا۔سکاٹ ناتھن نے ملک کودرپیش معاشی مسائل کے خوشگوارحل کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری اورپبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت واستعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالیات کے جدیدماڈلز کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاروباراورسرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اورملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کوہرقسم کی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا۔ ملاقاتوں میں سیکرٹری خزانہ امداداللہ بوسال اورپاکستانی وفد کے دیگراراکین بھی موجودتھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More