گلین میکسویل آئی پی ایل سے تھک گئے، تازہ دم ہونے کے لیے بریک لے لی

اردو نیوز  |  Apr 17, 2024

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز رائلز چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے سپرسٹار آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے تازہ دم ہونے کے لیے ایونٹ سے بریک لے لی ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق گلین میکسویل نے ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم ہونے کے لیے آئی پی ایل سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گلین میکسویل نے پیر کو بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے میچ سے قبل اپنی ٹیم (آر سی بی) کی انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ اُن کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو پلیئنگ الیون میں شامل کریں۔

گلین میکسویل آئی پی ایل کے جاری سیزن میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے اس سیزن میں آر سی بی کی 6 میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 5.33 کی اوسط سے صرف 32 رنز بنائے۔

سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ سے قبل اس بات کی قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ میسکویل انگوٹھے کی انجری کے سبب شاید یہ میچ نہ کھیل پائیں تاہم انہوں نے آرام کی غرض سے ایسا کرنے کا فیصلہ کیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میکسویل نے کہا کہ ’میرے لیے یہ بہت آسان فیصلہ تھا۔ میں اس میچ سے قبل فاف (فاف ڈو پلیسی کپتان آر سی بی) اور کوچز کے پاس گیا اور کہا کہ میرے خیال سے کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے اب میرے لیے اچھا موقع ہے کہ میں ذہنی اور جسمانی بریک لے لوں۔ اگر ٹورنامنٹ میں ٹیم کو میری ضرورت پڑی تو امید کرتا ہوں کہ میں ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہو کر واپس آؤں گا۔‘

دوسری جانب بنگلور میں آر سی بی اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کھیلا گیا میچ بولرز کے لیے بھیانک سفر ثابت ہوا۔ 

 گلین میکسویل آئی پی ایل کے جاری سیزن میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

سن رائزرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔

سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 41 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جبکہ ہینریک کلاسین نے 67 اور عبدالصمد نے 37 رنز بنائے۔

288 رنز کے ہدف کے جواب میں آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔

آر سی بی کی جانب سے دنیش کارتھک نے 83، کپتان فاف ڈو پلیسی نے 62 جبکہ وراٹ کوہلی نے 42 رنز بنائے۔

اس میچ میں مجموعی طور پر 549 رنز بنے جو کے ٹی20 میچ میں سب سے زیادہ رنز بننے کا نیا ریکارڈ ہے۔

خیال رہے کہ آر سی بی نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک 7 میچ کھیلے ہیں جس میں اسے 6 میں شکست جبکہ ایک میچ میں جیت حاصل ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More