مالدیپ میں پارلیمانی الیکشن، چین کے حامی صدر کی بھاری اکثریت سے کامیابی

اردو نیوز  |  Apr 22, 2024

مالدیپ کے صدر محمد معیزو کی پارٹی نے انتخابات میں بھاری اکثریت سے پارلیمنٹ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ووٹرز نے چین کی طرف ان کے جھکاؤ کی حمایت کی اور انڈیا سے گریز کیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر محمد معیزو کی پارٹی، پیپلز نیشنل کانگرس (پی این سی) نے 93 رکنی پارلیمنٹ میں دو تہائی سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز نیشنل کانگرس نے 86 میں سے 66 ووٹ حاصل کیے۔ نتائج کی باضابطہ توثیق میں ایک ہفتہ لگ جائے گا اور نئی اسمبلی مئی کے اوائل سے کام کرے گی۔

مقامی اخبار میہارو نے کہا ہے کہ 41 میں سے صرف تین خواتین امیدوار منتخب ہوئیں اور جیتنے والی خواتین کا تعلق صدر محمد معیزو کی پارٹی سے ہے۔ان انتخابات کو چین کے ساتھ قریبی اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا گیا۔  

مرکزی اپوزیشن مالدیوین ڈیموکریٹک پارٹی (ایم ڈی پی) جس کی پارلیمان میں ایک بھاری اکثریت تھی، نے صرف 12 نشستیں حاصل کیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گذشتہ برس منتخب ہونے والے صدر محمد معیزو نے ملک کی ’انڈیا فرسٹ‘ پالیسی کو ختم کرنے کا عہد کیا جس سے تعلقات میں کشیدگی آئی۔

ان کی حکومت نے ملک میں تعینات انڈین فوجی اہلکاروں کو ملک سے نکل جانے کا کہا۔

ناقدین نے کہا تھا کہ مالدیپ کی چین کے ساتھ قربت بڑھ سکتی ہے۔

ان کی حکمران پیپلز نیشنل کانگریس نے ووٹروں پر زور دیا تھا کہ وہ ایسی پارٹی کا انتخاب کریں جو ان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو تیزی سے پورا کرے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More