مغوی جج شاکر اللہ کی ویڈیو جاری، ’طالبان کے مطالبات پورے ہونے تک میری رہائی ممکن نہیں‘

اردو نیوز  |  Apr 29, 2024

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے اغوا ہونے والے جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کی اغوا کاروں نے ویڈیو جاری کر دی ہے۔

اتوار کی رات کو منظر عام پر آنے پر اس ویڈیو میں شاکر اللہ مروت کہہ رہے ہیں کہ ’کل (سنیچر) جو یہ واقعہ ہوا ہے، مجھے طالبان اپنے ساتھ ڈی آئی خان ٹانک روڈ سے یہاں پر لائے ہیں جو کہ جنگل بھی ہے اور حالت جنگ میں بھی ہے۔‘

’ان کے کچھ مطالبات ہیں کہ جب تک وہ پورے نہیں ہوں گے میری رہائی ممکن نہیں ہے۔ گھر والوں سے یہی کہوں گا کہ میں بالکل خیریت سے ہو لیکن جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے میری رہائی نہیں ہو سکتی۔‘

انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، خیبر پختونخوا حکومت، حکومت پاکستان اور چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ’ان کے مطالبات جلد سے جلد پورے کریں اور میری رہائی ممکن بنائیں۔‘

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق سیشن جج شاکر اللہ مروت کو سنیچر کو اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ’سیشن جج ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے اور ڈیرہ روڈ بھگوال کے قریب سے انہیں اغوا کیا گیا۔ اغوا کار سیشن جج شاکر اللہ مروت کی گاڑی اور ڈرائیور چھوڑ کر انہیں ساتھ لے گئے ہیں۔‘

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان میں سیشن جج کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو جج کی بحفاظت بازیابی کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More