نئی نسل کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نصاب میں ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں ، وفاقی سیکرٹری تعلیم

اے پی پی  |  Apr 30, 2024

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین وانی نے کہا ہے کہ حکومت نئی نسل کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نصاب میں ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے۔وہ منگل کو وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت سکینڈری سکول سطح کی بچیوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی تک رسائی کے منصوبہ ’’سٹیم پاکستان پروگرام ‘‘کے زیر اہتمام ’’سٹیم میلہ 2024‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نصاب میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرا رہے ہیں تاکہ ہماری نئی نسل بروقت ٹیکنالوجی کو سمجھتے ہوئے دور حاضر کے جدید تقاصوں سے بھی ہم آہنگ ہو سکے۔

وفاقی سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ حکومت سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں کے اندر لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرے اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالے۔ اس موقع پر نیا ٹیل پاکستان کے سی ای او وہاج سراج نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے شوق کو پیشہ بنائیں، اپنے کردار کو بہترین رکھیں ، مسائل حل کرنے والا بنیں اور امور کو واضح کرنے کے لئے سوالات کریں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے دن وفاقی دارالحکومت کی ہزاروں طالبات نے پاکستان سٹیم میلہ 2024 میں شرکت کی اور یہ جانا کہ ان کی تعلیم کیسی ہونی چاہیے ۔

اس میلے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ان سکولوں، سکول سربراہان ، اساتذہ اور طلبہ کو سراہنا تھا جنہوں نے گزشتہ تعلیمی سال میں سٹیم پاکستان پروگرام میں بھرپور شرکت کی تھی۔سٹیم پاکستان پروگرام اب ملک بھر کے 4000 سے زائد سرکاری سکولوں تک پھیل چکا ہے جس میں 35 لاکھ سے زائد طلبہ شامل ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد کلاس رومز میں طلبہ کو عملی سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے 200 سے زائد مڈل اور ہائی سکولوں میں بھی لاگو کیا جا رہا ہے۔

منگل کو اس سٹیم میلے میں 1200 سے زائد بچوں اور 250 اساتذہ نے حصہ لیا۔ انہوں نے کویز گیم شوز، ٹریجر ہنٹس، آرٹ کی سرگرمیوں، سائنس کے شوز اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیا۔طالبات کے لئے سائنس کے شوز، ریاضی، فلکیات اور حیاتیات کے سیکھنے کے زون قائم کیے گئے۔مہمانوں کی طرف سے رہنمائی کے سیشنز اور پیشہ ورانہ ترقی کی ورکشاپس منعقد کی گئیں ۔

سٹیم میلہ طلبہ کے لیے ایک تفریحی اور تعلیمی تجربہ ہےجس میں انہیں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی ( سٹیم) کے موضوعات میں دلچسپی لینے کی ترغیب دی گئی۔سٹیم میلہ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت سٹیم تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو 21ویں صدی کی مہارتیں سیکھنے میں مدد مل سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More