ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کون سی ٹیمیں جگہ بنا پائیں گی؟ مائیکل وان کی پیش گوئی

اردو نیوز  |  May 02, 2024

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان اکثر اپنے دلچسپ اور منفرد تبصروں کی وجہ سے سوشل میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔

مائیکل وان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر کرکٹ کے حوالے سے پیش گوئیاں کرتے رہتے ہیں جو کبھی کبھار بالکل درست اور کبھی بالکل غلط ثابت ہوتی ہیں۔

اسی سلسلے میں مائیکل وان نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک نئی پیش گوئی کی ہے جس میں انہوں نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی چار ٹیموں کے نام بتائے ہیں۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکل وان کی اس پیش گوئی کے مطابق پاکستان اور انڈیا میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا رہی ہیں۔

مائیکل وان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے میری چار سیمی فائنلسٹ۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز۔‘ 

سکرین شاٹ

اس کے علاوہ سابق انگلش کپتان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک اور پوسٹ میں تبصرہ کیا کہ ’ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، انڈیا، پاکستان۔ بالترتیب اس طرح سے ٹیمیں ہیں جن کی بیٹنگ لائن اپ طاقتور ترین ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر یہ ایسا ورلڈ کپ ہوا جس میں 175 اوسط ٹیم ٹوٹل ہوا تو تمام ٹیموں کے پاس یکساں موقع ہے۔ اگر یہ آئی پی ایل کی طرح 225 کے اوسط ٹیم ٹوٹل والا سکور ہوا تو ٹاپ چار ہٹنگ ٹیمیں جیت جائیں گی۔‘ 

سکرین شاٹ

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہو گا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کینیڈا سے ڈیلاس میں ہو گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 9 جون کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More