نجی عازمین حج کے آسان جبکہ پریشانی سے پاک سفر یقینی بنانے کے لئے جامع ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے ، حافظ طاہر محمود اشرفی

اے پی پی  |  May 02, 2024

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور حج آرگنائزرز ایسوس ایشن آف پاکستان (ایچ او اے پی) کے سرپرست اعلیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے صرف مجاز منتظمین کے ذریعے حج سفر کی بکنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر مجاز گروہوں کی جانب سے کی جانے والی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ایسے افراد سے بچیں جو مالی فائدے کے لئے معصوم لوگوں کے مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں نجی عازمین حج کے لئے آسا ن ترین جبکہ پریشانی سے پاک سفر کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع ضابطہ اخلاق کے اجراء کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ حج سیزن کے دوران خاص طور پر حرمین شریفین اور سعودی عرب کے دیگر مقدس مقامات پر سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف اسلامی تعلیمات اور شریعت کے منافی ہیں بلکہ بین الاقوامی برادری میں بھی پاکستان کے بارے میں منفی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اور احادیث نبویہ میں موجود ضابطہ اخلاق حلال مال سے حج کرنے، تنازعات سے اجتناب کرنے اور پورے حج کے دوران عزت و وقار اور عاجزی کی ضرورت پر زور دیتا ہے، اس میں حج کے دور کی حرمت اور صرف اللہ کی رضا کے لیے نیک نیت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران خواتین اور معذور افراد کے لیے مخصوص ہدایات کے ساتھ قواعد و ضوابط کی پاسداری سب سے اہم ہے، ضابطہ اخلاق کا مقصد روحانی طور پر مالا مال اور ہم آہنگ حج کے تجربے کو یقینی بنانا ہے جس کی جڑیں عبادت، عاجزی اور اللہ کے احکامات کی اطاعت پر مبنی ہوں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے غیر مجاز حج کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اجازت کے بغیر حج کرنا اسلامی اصولوں اور ملکی قانون کے مطابق سختی سے ممنوع ہے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ مناسب اجازت کے بغیر پکڑے جانے والے افراد کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جس سے ممکنہ طور پر ملک کی ساکھ خراب ہوگی۔ ایک اور تشویش کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے عازمین حج کی حوصلہ شکنی کی کہ وہ مناسک حج کے دوران سیلفی اور ویڈیوز لینے جیسے طرز عمل میں ملوث نہ ہوں جس سے ساتھی عازمین کو تکلیف ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مذہبی فرائض پر توجہ مرکوز کرنے اور حج کے ہموار تجربے کے لئے شائستگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین رسومات کا جامع علم حاصل کریں اور ضرورت پڑنے پر رہنمائی حاصل کریں، انہیں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے مقرر کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی سہولت کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More