صحافت جمہوریت ، احتساب اور متنوع آوازوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، چیئرمین سینیٹ کا پیغام

اے پی پی  |  May 03, 2024

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صحافت کا شعبہ، جمہوریت کو برقرار رکھنے، احتساب کو فروغ دینے اور متنوع آوازوں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جمعہ کو آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں کو معاشرے کے لیے ان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے اس اہم دن پر ہم آزادی صحافت کے تحفظ اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کے طالب علم کی حیثیت سے، میرا اس عظیم پیشے سے ذاتی تعلق ہے اور صحافیوں کی لگن اور حوصلے کو دل سے تسلیم کرتا ہوں۔ آزاد صحافت کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور پرچار میں مرکزی کردار ہے۔ تنازعات اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں اور دنیا بھر میں صحافی پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ خطرات اور رکاوٹوں کو دیانتداری اور بہادری سے برداشت کرتے ہوئے ایک مقدس فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے کام کرنے کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کی آزادی مضبوط اور ترقی پسند جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے اور پائیدار ترقی کا کلیدی محرک ہے۔ آزادی صحافت کے اس عالمی دن پر، آئیے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کریں اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کریں، جو ہمیں ہر طرح کے نامصائب حالات میں بھی خبریں پہنچاتے ہیں۔

ڈپٹی چیرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے رہنما اصولوں پر چلتے ہوئے ہی معاشرتی ترقی کا حصول ممکن ہو پائے گا۔ آئیں ہم سب مل کر صحافیوں کے حقوق اور فلاح بہبود کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کریں۔\

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More