اسلام آباد کو مزید خوبصورت بناکر سیاحتی مرکز بنائیں گے، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا

اے پی پی  |  May 07, 2024

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہر بھر میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بناکر سیاحتی مرکز بنائیں گے، اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے اور اس خوبصورت بنا نے کے لیے کام کرنے والے ملازمین ہمارے ہیرو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے نے انوائرمنٹ ونگ کی شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے لئے کیے جانے والے اقدا مات پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں مکینکل سویپنگ صبح کی بجائے رات کو شروع کی جائے، مکینکل سویپنگ کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو پانی سے دھویا بھی جائے، شہریوں کے جاگنے سے پہلے صفائی کا کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے عملہ کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوڑے کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقلی کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوڑا لے کر جانے والے ٹرک ڈھکے ہوں،

کوڑے کے تمام ٹرکوں کے اوپر اوقات کار واضح طور پر تحریر کئے جائیں، صفائی کے تمام عملے کی فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے، عملہ صفائی کی بائیو میٹرک حاضری شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انوائرمنٹ ونگ کی تمام آپریشنل گاڑیوں پر ٹریکرز نصب کئے جائیں، تمام پبلک ڈیلنگ آفسسز میں کیمرے نصب کئے جائیں، اسلام آباد کی تمام شاہراہوں بالخصوص داخلی راستوں کو خوبصورت بنایا جائے، داخلی راستوں کی لینڈ سکیپنگ کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ باکو سے ٹیم کو بلا کر شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے نظام کا موازنہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More