’میرے کھیت میں کیوں آئی؟‘ مری کے رہائشی نے پڑوسی کی گائے پر گولی چلا دی

اردو نیوز  |  May 08, 2024

صوبہ پنجاب کے سیاحتی علاقے مری کے ایک رہائشی نے پڑوسی کی گائے اپنے کھیت میں آنے پر اُسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ 

مری کی یونین کونسل سنی بنک سے متصل گاؤں سندھیاں کے مکین فیضان نثار کے مطابق گائے چارے کی تلاش میں پڑوسی کے کھیت میں داخل ہو گئی تھی۔ ملزم نے وجہ معلوم کیے بغیر گائے کو تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ گائے اپنے ہی کھیتوں میں گھاس چرتے چرتے پڑوسی کے کھیت میں داخل ہو گئی۔ جب اُنہیں اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی تو معلوم ہوا کہ اُن کی گائے کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

متاثرہ شہری نے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خود اس واقعے کا نوٹس لے کر اُنہیں انصاف دلوائیں۔

گائے کا دودھ  بیچ کر گھر کے اخراجات چلاتا تھا: متاثرہ شہری

فیضان نثار نے اُردو نیوز کو بتایا کہ گاؤں میں گزر بسر مویشی پال کر ہی ہو ہوتا ہے۔ ان کا خاندان گزشتہ کچھ عرصہ سے اسی پیشے کے ساتھ وابستہ ہے۔ وہ گائے کا دودھ  بازار میں جا کر بیچتے تھے اور گھر کے اخراجات پورے کرتے تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گائے کے ہلاک ہو جانے کے بعد اُن کا ذریعہ معاش ختم ہو گیا ہے کیونکہ ابھی روزگار کا کوئی متبادل ذریعہ موجود نہیں ہے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی گائے روزانہ 12 کلو تک دودھ دیتی تھی۔ وہ دودھ کا بڑا حصہ بازار میں فروخت کرتے تھے جبکہ بچ جانے والے دودھ سے گھر کی ضرورت پوری ہوتی تھی۔

’ہلاک ہونے والی گائے کی قمیت 5 لاکھ روپے تک تھی‘ 

متاثرہ شہری فیضان نثار نے مزید بتایا کہ گائے کے ہلاک ہونے کی وجہ سے انہیں 5 لاکھ کا نقصان ہوا ہے۔

فیضان نثار کے مطابق کسی بھی پڑوسی کے کھیت میں گائے کو داخل ہونے سے روکنا ان کی ہی ذمہ داری تھی تاہم ان کی گائے جس کھیت میں داخل ہوئی اُس میں کوئی فصل وغیرہ کاشت نہیں تھی۔

متاثرہ شہری نے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خود واقعے کا نوٹس لے کر اُنہیں انصاف دلوائیں (فوٹو: اُردو نیوز)

متاثرہ شہری کے بقول گائے کو فصل خراب کرنے پر نہیں بلکہ صرف گھاس کھانے پر ہلاک کیا گیا ہے۔

فیضان نثار کا مزید کہنا تھا کہ ملزم گاؤں میں اکثر لڑائی جھگڑے کرتا رہتا ہے۔ اس سے قبل وہ ان کے ہی ایک رشتہ دار پر بھی تشدد کر چکا ہے۔

متاثرہ شہری فیضان نثار نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ تھانے سے رجوع کیا ہے اور ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ ’واقعے کے بعد ملزم گاؤں سے فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔‘

گائے کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے جبکہ جسم میں سے دو گولیاں نکال لی گئی ہیں۔

ملزم کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کریں گے: پولیس 

مری پولیس کے ڈی ایس پی ارشد محمود نے رابطہ کرنے پر اُردو نیوز کو بتایا  کہ اُنہیں ذاتی طور پور پر اِس واقعے کا علم نہیں۔ ’میں اس کیس کی ایف آئی آر منگوا کر ہونے والی پیشرفت سے میڈیا کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملزم کی جلد گرفتاری کی بھی کوشش کریں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More