’سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کے خلاف ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں‘

اردو نیوز  |  May 08, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ’9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس سانحے میں ملوث افراد کے خلاف ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں۔‘بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جمعرات کو 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔‘’عدلیہ سے گزارش ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، اس دن کے حوالے سے جمعرات کو وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ’9 مئی کے واقعات پاکستان کی سلامتی، وقار، ترقی اور اسے اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور کرنے کے لیے گھناﺅنی سازش تھے۔‘عطا تارڑ کہتے ہیں کہ ’9 مئی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔’’جو افراد اس گھناﺅنی سازش میں ملوث تھے اُن کے چہرے بے نقاب کریں گے اور قوم کو یاد دلائیں گے کہ یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوئے۔‘ان کا کہنا ہے کہ ’یہ کون لوگ تھے جنہوں نے اپنے ہی ملک کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی، یہ کون لوگ تھے جنہوں نے ایسا کام کیا جو کبھی دشمن بھی نہ کر سکا۔‘وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ ’ان افراد کو اب تک کیا سزا دی گئی ہے اور ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔‘’کسی سیاسی جماعت نے کبھی ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، تاہم ایک انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا۔‘عطا تارڑ کے مطابق ’9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے، اُن کا مقصد احتجاج نہیں بلکہ ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا۔‘’اگر آپ کو اختلاف تھا تو آپ سیاسی پارٹیوں کے خلاف جلوس نکالتے، اپنے سیاسی رہنما کے حق میں احتجاج کرتے۔‘وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’انتشار پسند ٹولے نے سیاسی مقاصد کی خاطر شہدا کی یادگاروں تک کو مسمار کیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More