اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے کینیڈا کو 4-5 سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  May 09, 2024

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کینیڈا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔ 

پاکستان تاحال اس ٹونامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے۔ 

بدھ کو کھیلے گئے میچ میں کینیڈا کی جانب سے شان ڈیوس نے میچ کے پانچویں اور ہربیر سدھو نے 17ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو دو کی برتری دلا دی۔ 

تاہم میچ کے دوسرے کوارٹر میں ابوبکر محمود نے پلنٹی کارنرز پر اوپر تلے دو گول کر کے سکور برابر کر دیا۔ 

میچ کے تیسرے کوارٹر میں پاکستان کو مکمل طور پر حاوی رہا اور مزید ارشد لیاقت، رانا وحید اشرف اور غضفر علی کے گول کی بدولت پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول کی سبقت حاصل ہوگئی۔ تاہم تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں شان ڈیوس نے گول کر کے برتری کم کر دی۔ 

چوتھے کوارٹر میں دلچسپ کھیل دیکھنے کو مل اور کینیڈا کی جانب سے اوجوت بٹر نے چوتھا گول کر دیا۔ 

میچ کے اختتام تک پاکستان کو کینیڈا کے چار گول کے مقابلے میں پانچ گول کی برتری حاصل رہی۔ 

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان کا جاپان کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔  جبکہ پاکستان نے کوریا اور ملائشیا کے خلاف میچز میں فتح حاصل کی تھی۔ 

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ 

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ایک ایک میچ کھیلیں گی جس کے بعد پوزیشنل پلے آف مرحلہ کھیلا جائے گا۔

گروپ مرحلے میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 29ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں برونز میڈل حاصل کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More