لاہور ایئر پورٹ پر آتشزدگی کے بعد فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

اردو نیوز  |  May 09, 2024

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے نتیجے میں پہلی حج پرواز سمیت شہر سے اندرون و بیرون ملک آپریٹ ہونے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

جمعرات کی صبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ مختلف ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اپنا سامان گھسیٹ کر امیگریشن کاؤنٹر سے دور لے جا رہے ہیں  جبکہ کاؤنٹرز پر دھوئیں کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ تقریبا صبح پانچ بج کر 15 منٹ پر لگی اور آگ لگنے کے بعد سموک الارم نہیں بجا۔

آگ کی اطلاع ملنے کے بعد ایوی ایشن فائر بریگیڈ اور  ریسکیو 1122 کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا جبکہ آگ لگنے کے واقعے کے دوران ہی لاہور ایئرپورٹ کی اندرونی بلڈنگ کو خالی کروا لیا گیا۔

لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی حج پرواز پی کے 717 بھی آتشزدگی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق عازمین حج کو ایئرپورٹ لاؤنج سے نکال دیا گیا۔

آگ لگنے سے امیگریشن سسٹم میں خرابی کے باعث لاہور سے اندرون و بیرون ملک آپریٹ ہونے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں تاہم صبح آٹھ بجے کے قریب تین پروازوں کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی گئی۔

ایوی ایشن ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایک اعلی سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی جبکہ بہت جلد فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More