چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی9مئی کو شرانگیزواقعات ، توڑ پھوڑ اور حساس تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے ان شرانگیزواقعات ، توڑ پھوڑ اور جناح ہاؤس سمیت اہم حساس تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ساری قوم نے وہ دلخراش واقعات دیکھے اور اس کی بھرپور مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ ایک سیاہ دن تھا جب قومی نوعیت کی اہم ترین تنصیبات، عمارتوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا اور شہداء کے مجسموں اور یادگاروں کو نقصان پہنچا یا گیا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ عوام اور اداروں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ہر پاکستانی کے دل میں ان کے لئے احترام اور محبت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور سیاسی مقاصد اور عزائم کے حصول کے لئے اختیار کئے گئے ایسے غیر قانونی اور غیر آئینی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر آج بھی ہر پاکستانی کا دل افسردہ ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارے دلوں کے قریب ہیں ۔ انہوں نے مادر وطن کے لئے قربانیاں دیں اور قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں ، پاکستان کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے میں اپنا حصہ ڈالیں اور انتشار کی بجائے مثبت طرز عمل اختیار کرتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More