نو مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے ، چیئرمین سینیٹ کا پیغام

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے،افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سانحہ9 مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ 9 مئی کے شرانگیز واقعات، توڑ پھوڑ اور جناح ہاؤس سمیت اہم حساس تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نو مئی کا سانحہ ایک سیاہ دن تھا جب قومی نوعیت کی اہم ترین تنصیبات، عمارتوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا، شہدا کے مجسموں اور یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سب سے بڑھ کر یہ کہ عوام اور اداروں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی گئی۔

شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ہر پاکستانی کے دل میں ان کے لئے احترام اور محبت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ نو مئی کے واقعات نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ سیاسی مقاصد اور عزائم کے حصول کے لئے اختیار کئے گئے ایسے غیر قانونی اور غیر آئینی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں۔ 9 مئی کی منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر آج بھی ہر پاکستانی کا دل افسردہ ہے۔افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں کے قریب ہیں،انہوں نے مادر وطن کے لئے قربانیاں دیں اور قوم انھیں سلام پیش کرتی ہے۔ تمام سیاسی قوتوں سے اپیل ہےکہ وہ آگے بڑھیں، پاکستان کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انتشار کی بجائے مثبت طرز عمل اختیار کرتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More