تیسرا یورپین فلم فیسٹول پاکستان کے چار شہروں میں 15مئی سے 29 مئی تک منعقد ہوگا

اے پی پی  |  May 10, 2024

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں تیسرا یورپین فلم فیسٹیول 15 مئی کو منعقد کیا جائے گا، جبکہ 16مئی سے 29مئی کے درمیان یہ فیسٹیول پشاور، کوئٹہ اور گجرات کا رخ بھی کرے گا، جس میں شائقین کو ایسی منفرد اور شاندار یورپی فلمیں دیکھنے کوملیں گی جو آج تلک نہیں دیکھی گئیں۔

یورپین فلم فیسٹول 2024میں یورپی یونین کی رکن ریاستوں کی جانب سے 20سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی جن میں فیملی، بچپن، محبت، دوستی، موسمیاتی تبدیلی، تاریِخ، جنگ وجدل ، معاشی مشکلات، انسانی حقوق، معذوری وغیرہ جیسے موضوعات پر بنی کامیڈی، سسپنس، دستاویزی، فکشن فلموں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور سٹوڈیوز کی مختصر فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ فیسٹول میں دکھائی جانے والی ہر فلم کا انتخاب ناظرین کے ذوق اور شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ یورپین فلم فیسٹول پاکستانی ناظرین کو یورپی سنیما کی مالا مال دنیا کو دریافت کرنے اور جدید یورپی معاشروں کی تشکیل کرنے والے ثقافتی اور سماجی مسائل کی ایک جھلک حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

فیسٹول میں ہر شہر میں دلچسپ پینل ڈسکشن بھی منعقد کیا جائے گا جس میں حاضرین کو پاکستانی فلم انڈسٹری کی چند نامور شخصیات کے ساتھ روبرو ملنے کا موقع ملے گا جن میں فلم ساز، مصنف اور اداکار شامل ہیں جو عوام کی دلچسپی کے حامل موضوعات پر گفتگو کریں گے۔ اسلام آباد میں معروف رائٹر بی گل، اداکار ثروت گیلانی اور ابھرتے ہوئے فنکار علی جنیجو فلموں کے ذریعے عالمی نقطہ نظر کے حصول کی اہمیت پرروشنی ڈالیں گے۔ ظفر میراج، حیا فاطمہ اقبال اور ڈاکٹر قراۃالعین بختیاری کوئٹہ میں ، عرفان کھوسٹ، تمکنت منصور اور فصیح باری خان گجرات میں اور تزئین حسین، تزئین باری ، صائم صادق اور کنول کھوسٹ پشاور میں شرکت کریں گے۔ ہر شہر میں فیسٹول میں ابھرتے ہوئے اور پیشہ ور فلم میکرز کیلئے ایک ماسٹر کلاس بھی منعقد کی جائے گی جس کی سربراہی فلم ساز، مصنف اور ادکار علی جنیجو کریں گے۔

یورپین فلم فیسٹیول 2024 میں عوام کا داخلہ مفت ہے۔ یہ فیسٹول مندرجہ ذیل تاریخوں اور مقامات پر منعقد ہوگا: 15مئی، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، اسلام آباد،17 مئی، اقرا نیشنل یونیورسٹی، پشاور، 23مئی، نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس ، کوئٹہ، 29مئی، یونیورسٹی آف گجرات، گجرات۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More