پنجاب میں آندھی و طوفان کے باعث 8 شہری ہلاک اور 45 زخمی، پی ڈی ایم اے

اردو نیوز  |  May 25, 2025

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں طوفان کے باعث نقصانات بارے ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق آندھی و طوفان کے باعث 8 شہری ہلاک اور 45 زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سب زیادہ تین ہلاکتیں جہلم میں ہوئیں جبکہ راولپنڈی میں ایک، شیخوپورہ میں ایک، ننکانہ صاحب ایک، سیالکوٹ ایک اور میانوالی میں ایک شہری ہلاک ہوا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  نے کہا کہ یہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں۔ طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

لاہور میں بھی درختوں کے گرنے اور سولر پینلز کو نقصانات کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے  اور صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خراب موسم کے الرٹس کے مطابق غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔  بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More