پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا کپتان شاہین آفریدی کو مقرر کیا گیا ہے۔
پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریس ریلیز میں ٹیم کا اعلان کیا اور کہا کہ سکواڈ کا انتخاب ٹورنامنٹ کے کمنٹیٹرز کی جانب سے کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 10 کا انعقاد 11 اپریل سے 25 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوا۔ فائنل میں لاہور قلندرز نے قذافی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
25 سالہ شاہین نے نہ صرف 13 میچز میں سب سے زیادہ (19) وکٹیں لینے پر فضل محمود کیپ حاصل کی بلکہ وہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔
اس ٹیم میں لاہور قلندرز کے سکندر رضا اور فخر زمان بھی شامل ہیں۔ سکندر رضا نے ٹورنامنٹ کے دوران 11 میچز میں 254 رنز بنائے، 2 نصف سنچریاں سکور کیں اور 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ فخر زمان نے 13 میچز کھیلتے ہوئے 439 رنز بنائے اور 4 نصف سنچریاں سکور کیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
2019 کے پی ایس ایل چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی تین کھلاڑی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں جن میں 23 سالہ پاکستانی کرکٹر حسن نواز، تجربہ کار آل راؤنڈر فہیم اشرف اور اور 27 سالہ سپنر ابرار احمد شامل ہیں۔
حسن نواز کو ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر قرار دیا گیا۔ انہوں نے 12 میچز، میں 399 رنز بنائے جن میں 1 سنچری اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ فہیم اشرف نے 12 میچز میں 163 رنز بنائے اور 17 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے 12 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز جس نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی اور 22 مئی کو قذافی سٹیڈیم میں قلندرز کے ہاتھوں ایلیمینیٹر میں شکست کھائی، کے تین کھلاڑی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ ان میں کپتان ڈیوڈ وارنر، اوپننگ پارٹنر جیمز ونس اور فاسٹ بولر حسن علی شامل ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 11 میچز میں 368 رنز بنائے جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کے اوپننگ پارٹنر جیمز ونس نے 378 رنز بنائے جن میں 1 سنچری اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ فاسٹ بولر حسن علی نے 10 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کے خوشدل شاہ کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے 11 میچز میں 253 رنز بنائے، 1 نصف سنچری سکور کی اور 7 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان، جنہوں نے 12 میچز میں 449 رنز (1 سنچری، 3 نصف سنچریاں) بنا کر ہنیف محمد کیپ حاصل کی، ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والے اسلام آباد ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر علی رضا بھی شامل ہیں جنہوں نے 9 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے اس ٹیم میں پاکستان کے بڑے ناموں میں سے ایک محمد رضوان اور بابر اعظم شامل نہیں ہیں۔