زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری 49 لاکھ سے زائد موبائل سمز بند کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، نادرا کی سفارش پر وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کر دی ۔
منسوخ شدہ، زائدالمیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز مرحلہ وار بند ہوں گی ، 2017 سے زائدالمیعاد شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز 30 جون 2025 کو بند کر دی جائیں گی ۔ 2018 میں زائدالمیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز 31 جولائی کو بند کی جائیں گی،2019 کے شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز 31 اگست اور 2020 کے شناختی کارڈز کی سمز 30 ستمبر کی بند ہو جائیں گی۔
2021 کے شناختی کارڈز کی سمز 31 اکتوبر اور 2022 کے زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز 30 نومبر کو بند کی جائیں گی، 2023 ، 2024 اور 2025 میں زائدالمیعاد ہونیوالے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز 31 دسمبر کو بند ہو جائیں گی ۔
ایسے شناختی کارڈز کی کل تعداد 4,906,611 ہے، جن کی تجدید نہیں ہوئی یا ان کے حامل افراد فوت ہو چکے ہیں ، اس کارروائی کا مقصد جعلی یا غیر فعال شناخت کے ذریعے موبائل نیٹ ورکس کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔ قومی سلامتی کو مستحکم اور ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو زیادہ محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے میں مدد ملے گی، شہری اپنے شناختی کارڈ کی بروقت تجدید کروائیں تاکہ موبائل سروس کی ممکنہ بندش سے بچا جا سکے۔