بالی وڈ میں دھوم مچانے والی فلم ’سیارہ‘ کے مرکزی اداکار آہان پانڈے اور انیت پاڈا کون ہیں؟

اردو نیوز  |  Jul 20, 2025

ریلیز کے پہلے ہی روز دھوم مچانے والی موہت سُوری کی نئی فلم ’سیارہ‘ جمعے کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔

ڈیبیوئل فلم (ایسی فلم میں جس میں اداکار ڈیبیو کر رہے ہوں) ’سیارہ‘ نے زبردست کاروبار کر کے نئے ریکارڈ قائم کر لیے ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق فلم ’سیارہ‘ 21 کروڑ انڈین روپے کے کاروبار کے ساتھ انڈین سنیما کی تاریخ میں ریلیز کے پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ڈیبیوئل فلم بن گئی ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سنہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دھڑک‘ کے پاس تھا جس نے ریلیز کے پہلے روز ساڑھے آٹھ کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی اور یہ اداکارہ جھانوی کپور اور ایشان کھتر کی ڈیبیو فلم تھی۔

فلم ’سیارہ‘ میں دو نئے چہروں آہان پانڈے اور انیت پاڈا کو متعارف کروایا گیا ہے۔

فلم میں آہان پانڈے اور انیت پاڈا نے دو جذباتی عاشقوں کا کردار نبھایا ہے جو ایک پیچیدہ مگر پرجوش تعلق میں الجھے ہوتے ہیں۔ ان کی کہانی میں کبھی خوشی کی انتہا ہوتی ہے تو کبھی دل توڑ دینے والے لمحات آتے ہیں۔

فلم کے ٹریلر کے سامنے آتے ساتھ ہی فلم بین دونوں اداکاروں کو سراہتے رہے ہیں تاہم فلم کی ریلیز کے بعد نقادوں اور مداحوں نے نئے چہروں کی تعریف کی ہے۔

آہان پانڈے کون ہیں؟

27 سالہ آہان پانڈے انڈیا کی معروف کاروباری شخصیت چکی پانڈے اور فٹنس کوچ و مصنفہ دیان پانڈے کے بیٹے ہیں۔

چکی پانڈے سینیئر اداکار چنکی پانڈے کے بھائی ہیں، یوں آہان اور اداکارہ اننیا پانڈے کزن ہیں۔ ان کی بہن الانا پانڈے بھی سوشل میڈیا پر ایک مشہور شخصیت ہیں۔

آہان پانڈے نے اوبرائے انٹرنیشنل سکول ممبئی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ہے جس کے بعد یونیورسٹی آف ممبئی سے فنون لطیفہ، فلم اور ٹیلی وژن پروڈکشن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

    View this post on Instagram           A post shared by Ahaan Panday (@ahaanpandayy)

اداکاری سے قبل آہان پانڈے نے مختلف فلموں میں ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ ان کی معاون ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں ’فریکے علی‘، ’راک آن ٹو‘، ’دی ریلوے مین‘ اور ’مردانی ٹو‘ شامل ہیں۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ آہان پانڈے کو دوسرے تخلیقی کاموں سے گہرا شغف ہے۔ وہ موسیقی، ہدایت کاری، ڈانس، فیشن اور ای سپورٹس میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

انیت پاڈا کون ہیں؟

انیت پاڈا اکتوبر سنہ 2002 میں امرتسر کے ایک مڈل کلاس گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے نوعمری میں ماڈلنگ کا آغاز اشتہارات سے کیا اور دوران تعلیم ماڈلنگ جاری رکھی۔

انیت پاڈا نے دہلی یونیورسٹی کے جیزز اینڈ میری کالج سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

    View this post on Instagram           A post shared by Aneet Padda (@aneetpadda_)

انیت پاڈا سنہ 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سلام ونکی‘ میں ایک مختصر کردار ادا کیا جبکہ سنہ 2022 میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’بگ گرلز ڈانٹ کرائی‘ میں روحی آہوجا کے کردار سے شہرت حاصل کی۔

اسی سال انہوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا اور اپنا پہلا گانا ’معصوم‘ ریلیز کیا۔ اس کے علاوہ وہ ٹی وی سیریل ’یوا سپنوں کا سفر‘ میں انیت کور کے کردار میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More