کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع کورنگی روڈ پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو کم عمر بچے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، واقعہ ڈیفنس تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے آنے والے واٹر ٹینکر نے دو بچوں کو کچل دیا۔ دونوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل شہریوں نے حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائربریگیڈ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی گئی۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت ایان شاہ ولد افضل شاہ اور توصیف شاہ ولد سہیل شاہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کی عمریں تقریباً 12 سال بتائی جا رہی ہیں۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔