پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ میں چار سے زائد دنوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں نو شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ آٹھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ’16 جولائی سے 20 جولائی تک سکیورٹی فورسز نے پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ملاکنڈ کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں موجود انڈین حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔‘
’چار سے زائد دنوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے اپنی مہارت سے علاقے کو گھیرے میں لیا اور خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سخت فائرنگ کے تبادلے کے بعد انڈین حمایت یافتہ نو خوارجی ہلاک ہوئے جبکہ آٹھ کو گرفتار کر لیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’آپریشن کے دوران خوارج کے دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد تحویل میں لیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’علاقے کے عوام نے سکیورٹی فورسز کے اس کامیاب آپریشن کو سراہا اور ریاست کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔‘
مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے شانہ بشانہ ملک سے انڈین حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔