کے الیکٹرک لیاقت آباد کے تاجروں کو سڑک پر لے آئی، شدید احتجاج

ہماری ویب  |  Sep 15, 2025

کراچی: لیاقت آباد کے دکانداروں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ بند کردی۔

ڈاکخانہ چورنگی سے لیاقت آباد نمبر 10 جانے والی شاہراہ پر فرنیچر اور کپڑا مارکیٹ کے دکاندار اور کارخانے کے مالکان احتجاج کررہے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوچکی ہے جبکہ اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک شدید جام ہوگیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ دن میں کام کے اوقات میں 4 مرتبہ ڈھائی ڈھائی گھنٹے کے لیے بجلی بند کردی جاتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ان کا کاروبار تباہ ہوچکا ہے جبکہ ان کے لیے مالی مشکلات کے باعث اہل خانہ کی کفالت بھی مشکل ہوگئی ہے۔

مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے بصورت دیگر متاثرہ مارکیٹوں کے تاجر اور دکاندار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کے الیکٹرک دفاتر کے سامنے دھرنا دے دیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ایم اے جناح روڈ پر واقع جامع کلاتھ مارکیٹ اور اطراف کے تاجروں نے بھی احتجاج ریکارڈ کروایا تھا جس کے بعد مذکورہ مارکیٹ اور علاقے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More