’سر میں وینزویلا کا صدر ہوں، مجھے اغوا کر کے یہاں لایا گیا ہے‘: امریکی عدالت میں وینزویلا کے رہنما کی ڈرامائی پیشی کا احوال

بی بی سی اردو  |  Jan 06, 2026

Reuters

جب وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو پہلی بار نیو یارک شہر کی عدالت میں پیش ہوئے تو اُن کے پیروں پر لگی بیڑیوں کی آوازیں سُنی جا سکتی تھی۔ اس دوران انھوں نے عدالت میں موجود صحافیوں اور عام لوگوں کو بتایا کہ انھیں ’اغوا‘ کیا گیا ہے۔

انھیں عدالت میں لائے جانے کے بعد جج ایلون ہیلرسٹین نے اُن سے اُن کی شناخت کی تصدیق کرنے کا کہا تاکہ عدالتی کارروائی شروع ہو سکے۔

انھوں نے ہسپانوی زبان میں عدالت کو بتایا کہ ’سر میں نکلوس مادورو ہوں۔ میں جمہوریہ وینزویلا کا صدر ہوں اور 3 جنوری کو اغوا کر کے یہاں لایا گیا ہے۔‘

عدالت میں موجود مترجم نے ان کے بیان کا ترجمہ کر کے عدالت کو آگاہ کیا۔ مادورو نے مزید کہا کہ ’مجھے وینزویلا میں کاراکس میں واقع اپنے گھر سے اٹھایا گیا تھا۔‘

82 سالہ جج نے فوراً مادورو کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ’ان سب معاملات کی طرف جانے کے لیے مناسب وقت دیا جائے گی۔‘

پیر کی شام 40 منٹ تک جاری رہنے والی اس ڈرامائی سماعت کے دوران مادورو اور اُن کی اہلیہ سیلیا فلوریس نے منشیات اور ہتھیاروں سے متعلق تمام تر الزامات مسترد کیے۔

مادورو نے کہا کہ ’میں بے قصور ہوں۔ میں ایک اچھا انسان ہوں۔‘ فلوریس نے بھی کہا کہ ’میں بالکل بے قصور ہوں۔‘

63 سالہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیو یارک کی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ انھیں سنیچر کو روز امریکی فورسز نے ان کے کمپاؤنڈ پر ایک چھاپے کے دوران پکڑا تھا۔ امریکہ نے وینزویلا میں فوجی اڈوں پر بھی حملے کیے تھے۔

Federico PARRA / AFP via Getty Imagesعالمی قوانین کے ماہر یہ سوال اُٹھا رہے ہیں کہ یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا میں کی گئی کارروائی کی پہلے کوئی مثال ملتی ہے اور کیا یہ قانون کے مطابق تھی یا نہیں

نیلے اور نارنجی رنگ کا جیل کا لباس اور خاکی پتلون پہنے ہوئے دونوں میاں بیوی نے سماعت کے دوران ہسپانوی ترجمہ سننے کے لیے ہیڈ فونز لگا رکھے تھے۔ جبکہ اُن کے درمیان ایک وکیل بیٹھا ہوا تھا۔

مادورو پیلے رنگ کے قانونی نوٹ پیڈ پر نہایت باریک بینی سے نوٹس لیتے رہے۔ سماعت کے بعد انھوں نے جج سے اجازت لی کہ وہ یہ نوٹ پیڈ اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔

جب مادورو کمرۂ عدالت میں داخل ہوئے تو انھوں نے مڑ کر حاضرین میں موجود کئی افراد کی طرف سر ہلایا۔ یہ وہی وفاقی عدالت ہے جہاں چند ماہ قبل معروف امریکی ریپر اور میوزک پروڈیوسر شان جان کومبز عرف ’ڈڈی‘ پر مقدمہ چلا تھا اور انھیں مجرم قرار دیا گیا تھا۔

پیر کی کارروائی کے دوران مادورو کا رویہ پُرسکون اور چہرہ جذبات سے عاری رہا۔ سماعت کے اختتام پر حاضرین میں بیٹھے ایک شخص نے اچانک چیخ کر کہا کہ مادورو اپنے جرائم کی ’قیمت چکائیں گے۔‘

اس پر مادورو نے ہسپانوی زبان میں اس شخص کی طرف مخاطب ہو کر کہا کہ ’میں ایک صدر ہوں اور جنگی قیدی ہوں۔‘

اس کے بعد سکیورٹی اہلکار اس شخص کو کمرۂ عدالت سے باہر لے گئے۔

عدالت میں موجود دیگر افراد کے لیے بھی یہ کارروائی خاصی جذباتی تھی۔ وینزویلا کی صحافی میبورت پتیت مادورو کی حکومت سے متعلق رپورٹنگ کرتی رہی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ مادورو کی گرفتاری کے دوران کاراکس میں ہونے والے امریکی میزائل حملوں میں ان کے خاندان کے گھر کو نقصان پہنچا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کے سابق رہنما کو امریکی مارشلز کے ہمراہ جیل کے لباس میں عدالت میں پیش ہوتے دیکھنا ایک غیر حقیقی منظر تھا۔

مادورو کی اہلیہ فلوریس نسبتاً زیادہ خاموش نظر آئیں۔ ان کی آنکھوں اور پیشانی کے قریب پٹیاں بندھی ہوئی تھیں جن کے بارے میں ان کے وکلا نے کہا کہ یہ ان کی گرفتاری کے دوران آنے والے زخم ہیں۔

وہ دھیمی آواز میں گفتگو کر رہی تھیں اور ان کے سنہرے بال پیچھے کی طرف جوڑے کی صورت میں بندھے ہوئے تھے۔ ان کے وکلا نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ انھیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ممکنہ طور پر پسلیوں پر چوٹ یا فریکچر کی جانچ کے لیے ایکسرے کی درخواست کی گئی۔

مادورو اور ان کی اہلیہ نے سماعت کے دوران ضمانت کی درخواست نہیں دی۔ تاہم وہ بعد میں ایسا کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ فی الحال انھیں وفاقی تحویل میں رکھا جائے گا۔

امریکی حکام نے مادورو پر 'نارکو دہشت گردی' کی سازش، کوکین سمگلنگ، مشین گنز اور تباہ کن ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

مادورو کی اہلیہ، بیٹے اور کئی دیگر افراد پر بھی اسی نوعیت کے الزامات ہیں۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 17 مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔

وینزویلا میں امریکی آپریشن: کیا مادورو کو پکڑنے کی کارروائی غیر قانونی تھی؟Jim Watson / AFP via Getty Imagesعالمی قوانین کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ممانعت کرتے ہیں جب تک کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حق دفاع کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس کی منظوری نہ دے

وینزویلا میں 2026 کے آغاز میں پیش آنے والے ڈرامائی واقعات اور پھر امریکہ میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ ہونے والے سلوک کے بعد یہ سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا وینزویلا کے صدر کے خلاف آپریشن کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی کارروائی کسی قانون کے دائرے میں تھی یا نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو پھر مادورو اور اُن کی اہلیہ کو کئی برس قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

لیکن عالمی قوانین کے ماہر یہ سوال اُٹھا رہے ہیں کہ یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا میں کی گئی کارروائی کی پہلے کوئی مثال ملتی ہے اور کیا یہ قانون کے مطابق تھی یا نہیں۔

ماضی میں کئی مواقع پر مادورو منشیات کا کارٹیل چلانے کی تردید کرتے ہوئے امریکہ پرالزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ منشیات کے الزامات کی آڑ میں وینزویلا کے تیل کے ذخائر ہتھیانا چاہتا ہے۔

عالمی قوانین کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ممانعت کرتے ہیں جب تک کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حق دفاع کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس کی منظوری نہ دے۔

وینزویلا پر امریکی حملوں اور مادورو کی گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر، ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے اس کارروائی کو جائز قرار دینے کے لیے اس کے لیے مجرمانہ الزامات کی بنیاد پیش کی۔ اس کارروائی کو ملکی قانون کے نفاذ کے معاملے کے طور پر پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ ’منشیات سے متعلقہ دہشت گردی‘ کے خلاف اپنے دفاع کے طور پر کی گئی۔

امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ ’جلد ہی امریکی سرزمین پر، امریکی عدالت میں امریکی انصاف کے مکمل غضب کا سامنا کریں گے۔‘

سنیچر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے کہا کہ یہ چھاپہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے اور اس محکمے کی درخواست پر کیا جانے والا عمل تھا۔

اس آپریشن کو اس طرح پیش کرنا وینزویلا پر حملوں اور مادورو کی برطرفی سے پہلے کانگریس کی منظوری نہ ملنے پر پیدا ہونے والی بے چینی کو دور کرنے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔

یہ معاملہ ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک پیچیدہ مسئلہ بن سکتا ہے۔ قانون کے مطابق اگر وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی جاری رکھی جاتی ہے، جس کی طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کے روز اشارہ بھی دیا تھا، تو امریکی صدر کو اس کے لیے قانونی منظوری درکار ہو گی۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ مادورو کے بعد امریکہ کچھ عرصے کے لیے وینزویلا پر حکمرانی کرے گا۔

نومبر میں، وائٹ ہاؤس کی چیف آف سٹاف سوزی وائلز نے وینیٹی فیئر میگزین کو بتایا کہ وینزویلا میں زمینی حملوں کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہوگی، لیکن اسی ماہ کچھ دن بعد ٹرمپ نے اس رائے کی کھل کر تردید کی۔

کانگریس کو گمراہ کرنے پر تنقید کا سامنا کرتے ہوئے، روبیو نے سنیچر کو کہا کہ امریکی قانون سازوں کو آپریشن سے پہلے اطلاع نہیں دی گئی تھی کیونکہ چھاپہ ’بنیادی طور پر قانون نافذ کرنے کا عمل‘ تھا نہ کہ جنگی عمل، اور ’محکمۂ جنگ نے محکمۂ انصاف کا ساتھ دیا‘ تاکہ یہ کام کیا جا سکے۔

اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے، انھوں نے مادورو کو ’امریکی انصاف کا مفرور‘ قرار دیا۔

AFP via Getty Imagesماہرین کے مطابق امریکہ نے وینزویلا میں کارروائی کے لیے جو جواز پیش کیے ہیں وہ مسلح تنازعے کے منظور شدہ بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتے

ٹرمپ انتظامیہ ’وار پاورز ریزولوشن‘ یعنی ’حالتِ جنگ میں اختیارات کی قرارداد‘ کی مدد بھی لے سکتی ہے، جو صدر کو 60 دن تک قلیل مدتی فوجی کارروائی شروع کرنے کی اجازت اور انخلا کے لیے مزید 30 دن دیتی ہے اور اس کے لیے کانگریس کی پیشگی منظوری درکار نہیں بشرطیکہ اسے 48 گھنٹوں کے اندر اطلاع دی جائے۔

اس فریم ورک کے تحت، صدر کو بغیر کانگریس کو پیشگی اطلاع دیے، وینزویلا پر حملے کے قانونی اختیار کا دعویٰ کرنے کی اجازت ہے تاہم، امریکی قانون ساز اب بھی دو جماعتی بنیادوں پر مزید فوجی کارروائی کو محدود یا ختم کرنے کے حق میں ووٹ دے سکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں ووٹنگ متوقع ہے۔

قانونی شکوک و شبہات

اس کے باوجود، کچھ ماہرین نے گذشتہ ہفتے کے اختتام پر پیش آنے والے واقعات کے بین الاقوامی قانون و قواعد پر اثرات کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا ہے اور وینزویلا میں امریکی کارروائی کی قانونی بنیاد پر شکوک ظاہر کیے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ اور جرائم پیشہ گروہوں کا تشدد جو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا میں اپنے اقدام کو جائز قرار دینے کے لیے جواز کے طور پر پیش کیے گئے، مجرمانہ سرگرمی سمجھے جاتے ہیں اور مسلح تنازعے کے اس منظور شدہ بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتے جو فوجی ردعمل کا جواز فراہم کرے۔

سنیچر کی پریس کانفرنس میں، ٹرمپ نے وینزویلا پر امریکی تیل کے اثاثے چوری کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن جب وینزویلا کا انتظام و انصرام سنبھالے گا تو انھیں واپس لے لے گا، لیکن انھوں نے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

’ڈونرو نظریہ‘: کیا صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی کارروائی کے ذریعے چین اور روس سمیت ’آمرانہ حکومتوں‘ کو نیا راستہ دکھا دیا ہے؟امریکی منصوبے کی مخالفت کرنے والی وینیزویلا کی دو خواتین رہنما، عبوری صدر ڈیلسیروڈریگیز اور اپوزیشن لیڈر مرِیا کورینا مَچاڈو کون ہیں؟’آپریشن جَسٹ کاز‘: امریکہ نے آخری بار کس مُلک کے صدر کو فوجی آپریشن کی مدد سے حراست میں لیا تھا؟’قلعہ نما گھر، سی آئی اے کا مخبر اور سیف روم تک پہنچنے کی کوشش‘: صدر مادورو کو پکڑنے کے لیے امریکی کارروائی میں کیا کیا ہوا؟

امریکہ کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں آئینی قانون کے ماہر پروفیسر جیریمی پال نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ قانون نافذ کرنے والا آپریشن تھا اور پھر آپ کہہ سکتے ہیں کہ اب ہمیں ملک چلانا ہے۔ یہ ناقابلِ فہم بات ہے۔‘

لندن کے چیتھم ہاؤس کے پروفیسر مارک ویلر کہتے ہیں کہ قومی پالیسی کے ذریعے طاقت کا استعمال بین الاقوامی قانون کے تحت ممنوع ہے، سوائے اس کے کہ وہ ’مسلح حملے کے جواب میں ہو یا ایک ایسی آبادی کو بچانے کے لیے جو فوری طور پر ختم ہونے کے خطرے کا شکار ہے۔‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ اسے اقوام متحدہ سے منظوری کی بھی ضرورت ہے۔

وہ لکھتے ہیں، ’واضح طور پر، یہ تمام شرائط امریکہ کی وینزویلا کے خلاف مسلح کارروائی میں پوری نہیں کی گئیں۔ منشیات کی تجارت کو دبانے میں امریکی دلچسپی یا یہ دعویٰ کہ مادورو حکومت دراصل ایک مجرمانہ ادارہ تھی، کوئی قانونی جواز فراہم نہیں کرتا۔‘

پانامہ کی مثالBureau of Prisons/Getty Imagesپانامہ میں نوریگا کی برطرفی کے بعد اقتدار سنبھالنے کے لیے عوامی اپوزیشن تیار تھی

کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے قریبی حلقے نے 1989-1990 کے پاناما کے واقعات کو مادورو کی برطرفی کے لیے ایک نمونے یا جواز کے طور پر لیا ہے۔

پاناما کے انتہائی غیر مقبول فوجی رہنما مانوئل نوریگا کو اس وقت کے صدر جارج ایچ ڈبلیو بش کی حکومت کی فوجی مداخلت کے بعد اقتدار سے ہٹا کر منشیات کے الزامات میں مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ منتقل کر دیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دونوں کارروائیوں میں واضح مماثلتیں ہیں جن میں واشنگٹن کی جانب سے 35 سال پہلے نہر پانامہ اور اب وینزویلا کے تیل کے ذخائر تک رسائی کی کوششیں شامل ہیں لیکن واضح فرق بھی ہے۔

پروفیسر ویلر کہتے ہیں کہ اس وقت بھیواشنگٹن نے نوریگا کو ہٹانے سے پہلے امریکی مفادات کو درپیش فوری خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے دفاع کے جواز کا سہارا لیا تھا۔

Cheng Xin/Getty Images

دونوں کے درمیان سب سے واضح فرق، جیسا کہ سابق امریکی سفارتکار جان فیلی (جنھوں نے امریکہ میں این پی آر سے بات کی) کا کہنا ہے، یہ ہے کہ پانامہ میں نوریگا کی برطرفی کے بعد اقتدار سنبھالنے کے لیے عوامی اپوزیشن تیار تھی جس کی بدولت ایک دیرپا جمہوری منتقلی ہوئی اور امریکی فوجی بھی جلد ہی وہاں سے چلے گئے۔

لیکن وینزویلا کے معاملے میں صدر ٹرمپ کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں ایسا نہیں ہے، کیونکہ کوئی اپوزیشن پیچھے موجود نہیں ہے جو اقتدار سنبھالنے کے لیے تیار ہو۔

اب کیا ہو گا؟

اب بظاہر اگلا قدم یہ ہے کہ مادورو کو وینزویلا سے امریکہ لانے کے متنازع اور طریقے کچھ بھی تھے، ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جائے۔

25 صفحات پر مشتمل فردِ جرم میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس جوڑے نے ایک پُرتشدد جرائم پیشہ گروہ سے فائدہ اٹھایا جو امریکہ میں کوکین سمگل کرتا تھا۔

مادورو نے بارہا ان الزامات کو محض اقتدار سے ہٹانے کا بہانہ قرار دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت منظور کرنے کے امکانات کم ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے اس موقف کو دہرایا ہے کہ اب امریکہ وینزویلا کو چلائے گا اور اس کے تیل کے شعبے تک ’مکمل رسائی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اس دباؤ کو کم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ امریکی صدر نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر مادورو کے باقی اتحادی احکامات پر عمل نہیں کریں گے تو پھر سے فوجی حملہ کیا جا سکتا ہے۔

جب ٹرمپ سے یہ پوچھا گیا کہ مادورو کے ’اغوا‘ کے دعوے پر ان کا کیا ردعمل ہے تو انھوں نے کہا کہ یہ ’برا لفظ نہیں ہے۔‘

مادورو پر درج الزامات میں ’نارکو ٹیررازم‘، کوکین سمگلنگ اور امریکہ کے خلاف مشین گنز اور تباہ کن ہتھیار رکھنے کی سازش شامل ہے۔

لیورپول جان مورز یونیورسٹی میں جسٹس سٹڈیز کی پروفیسر جولیا بکسٹن کے مطابق یہ ’انتہائی کمزور بنیاد‘ ہے۔

انھوں نے بی بی سی بریک فاسٹ کو بتایا کہ وینزویلا ’کوکین کا بڑا برآمد کنندہ نہیں ہے۔‘

’امریکہ جانے والی زیادہ تر کوکین بحرالکاہل کے ساحل سے میکسیکو اور کولمبیا کے راستے آتی ہے۔ وینزویلا سے کوئی فینٹانائل نہیں آ رہی۔ ٹرمپ انتظامیہ کو مادورو کو نارکو ٹیررسٹ کے طور پر پیش کرنے کا تصور گھڑنا پڑا تاکہ رجیم چینج کی پالیسیوں پر عمل کیا جا سکے۔‘

انھوں نے کہا کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ تیل کی امریکی کمپنیاں وینزویلا میں آئیں لیکن یہ ان کمپنیوں کے لیے خاص طور پر پُرکشش موقع نہیں ہے۔

ان کے مطابق عالمی منڈیوں میں تیل کی بھرمار ہے اور وینزویلا کی تیل کی صنعت کو درست کرنے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔

پروفیسر ویلر کے مطابق امریکی عدالتیں نام نہاد کیرفریزبی اصول پر عمل کرتی ہیں، جس کے تحت اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کسی مشتبہ شخص کو عدالت میں کس طریقے سے پیش کیا گیا۔ چاہے وہ غیر قانونی مسلح مداخلت کے ذریعے لایا گیا ہو یا اغوا کے بعد، عدالت مقدمہ چلا سکتی ہے بشرطیکہ ملزم کو شدید تشدد کا نشانہ نہ بنایا گیا ہو۔

مبصرین یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر امریکہ کو وینزویلا میں اپنے اقدامات کے نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑا تواس کے دیگر ابھرتے ہوئے عالمی تنازعات کے لیے بہت سنگین نتائج ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب اقوام متحدہ کی بین الاقوامی سطح پر کسی قسم کے قواعد پر مبنی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی صلاحیت کو واضح طور پر چیلنج کیا جا رہا ہے۔

’قلعہ نما گھر، سی آئی اے کا مخبر اور سیف روم تک پہنچنے کی کوشش‘: صدر مادورو کو پکڑنے کے لیے امریکی کارروائی میں کیا کیا ہوا؟صدر ٹرمپ کو ’دنیا میں خام تیل کے سب سے بڑے ذخائر‘ رکھنے والے ملک وینزویلا سے کیا مسئلہ ہے؟F-16 طیارے، سخوئی جہاز مگر ایسی فوج ’جس میں بھاگنے والوں کی شرح زیادہ ہے‘: وینزویلا امریکی حملے کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے؟کیا صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی کارروائی کے ذریعے چین اور روس سمیت ’آمرانہ حکومتوں‘ کو نیا راستہ دکھا دیا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More