ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار، تحریک انصاف کی درخواست خارج


اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن  کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی۔ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو جاری کردہ شوکاز نوٹس درست قرار دے دیا گیا۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ سنایا، چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے فیصلہ سنانے والے بنچ کا حصہ تھے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 11 جنوری کو دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، تحریک انصاف نے درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کو ’ممنوعہ‘ قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے خلاف تحریک انصاف نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا 2 اگست کو سنایا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں