سعودی عرب ، گواہوں کو عدالتی تحفظ فراہم کرنے کےلیے نیا مرکز قائم

Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض۔25اپریل (اے پی پی):سعودی پراسیکیوشن نے گواہوں اور اطلاع دینے والوں کو عدالتی تحفظ فراہم کرنے کےلیے نیا مرکز قائم کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق پراسیکیوٹرجنرل شیخ سعود بن المعجب نے اس حوالے سے بتایا کہ نئے مرکز کا مقصد جرم کی اطلاع دینے والوں کو کسی قسم مشکل میں مبتلا ہونے سے محفوظ رکھنا ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نیا مرکز اطلاع دینے والے کی معلومات کو بھی خفیہ رکھنے کا پابند ہے، اگر انہیں روزگار کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہو تو ادارہ ان کی مدد کرتے ہوئے ان کے لیے متبادل روزگار فراہم کرنے میں معاونت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اطلاع دینے والے کو ہرقسم کی قانونی اور سماجی مدد بھی فراہم کرے گا،اگر انہیں کسی بھی حوالے سے نقصان پہنچنے یا دھمکی وغیرہ کا سامنا ہوتو اس صورت میں انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی مرکز کی ہوگی۔