طالبات کو جنسی ہراساں کرنے پر لاہورگرائمر سکول کے خلاف کاروائی کی سفارش

روزنامہ خبریں  |  Jul 05, 2020

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی انکوائری کمیٹی نے نجی گرلز اسکول میں طالبات کو جنسی ہراساں کرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔

انکوائری کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو جمع کرا دی جس میں اسکول کی جانب سے کمیٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نجی اسکول نے طالبات اور اسٹاف کا کوئی بھی ریکارڈ فراہم نہیں کیا،  طالبات اور نکالے جانے والے ملازمین کو بیانات کے لیے اسکول بھی نہیں بلایا گیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ کوئی تعاون نہیں کر رہی، کورونا اور سیکریسی کے نام پر معلومات مہیا نہیں کی جا رہیں۔

رپورٹ میں نجی اسکول کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی سفارش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ جیونیوز نے گزشتہ دنوں لاہور کی غالب مارکیٹ کے ایک نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کی خبر نشر کی تھی۔

معروف نجی انگریزی میڈیم اسکول کی طالبات اور فارغ التحصیل طلبہ نے استاد سمیت 4 افراد پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا جس پر اسکول انتظامیہ نے چاروں کو ملازمت سے نکال دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More