ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے خواہش مند

اردو نیوز  |  Jun 03, 2023

آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر رواں برس پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد لمبے دورانیے کے فارمیٹ کو خیرباد کہنے کے خواہش مند ہیں۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ڈیوڈ وارنر اگلے برس سڈنی کرکٹ گراؤںڈ میں ہونے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان نیو ایئر ٹیسٹ میچ کے بعد اپنے ہوم گراؤںڈ پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں۔

وارنر کا یہ اقدام ان کی جانب سے مکمل ریٹائرمنٹ کا پہلا مرحلہ ہو گا۔ وہ 2024 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

ان کی حالیہ ٹیسٹ فارم کے باعث یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف نیو ایئر ٹیسٹ میں ٹیم میں بھی شامل نہ ہوں اور لمبے دورانیے کی کرکٹ سے کچھ عرصہ بعد ریٹائرمنٹ لیں۔

تاہم رواں ماہ انگلینڈ میں شیڈول ایشز سیریز ان کی آسٹریلیا سے باہر آخری ٹیسٹ سیریز ہو سکتی ہے۔

وارنر اگلے آٹھ ہفتوں میں چھ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے تیار ہیں جن میں انڈیا کے خلاف سات جون سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل اور ایشز سیریز شامل ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی حالیہ فارم بُری رہی ہے، وہ انڈیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھی کہنی کی انجری کے باعث آخری دو ٹیسٹ میچز سے باہر ہو گئے تھے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل سے قبل بائیں ہاتھ کے بیٹر نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ 2024 کا ٹی20 ورلڈ کپ میری آخری گیم ہو گی۔ اگر میں یہاں سکور کروں اور آسٹریلیا میں کھیلتا رہوں تو میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلوں گا۔ ‘

’اگر میں اس سے گزر گیا تو میں پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب ہوں گا۔ میں تب خیرباد کہہ دوں گا۔‘

ڈیوڈ وارنر نے آخری 24 اننگز میں صرف دو ففٹیاں بنائی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے ہمیشہ ہی ہر میچ ایسے کھیلا ہے جیسے میرا آخری میچ ہو۔ یہ میرا کھیلنے کا سٹائل ہے۔ میں ساتھیوں کے ساتھ رہ کر انجوائے کرتا ہوں۔ مجھے ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی ہوتی ہے۔‘

ڈیوڈ وارنر نے گذشتہ برس جنوبی افریقہ کے خلاف میلبرن کرکٹ سٹیڈیم میں اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اس میں ڈبل سینچری سکور کی تھی۔

اس موقع پر سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا تھا کہ یہ ان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا بہترین موقعہ ہے۔

یہ ان کی جنوری 2020 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سینچری تھی۔ سنہ 2022 کے آغاز سے لے کر اب تک انہوں نے آخری 24 اننگز میں صرف دو ففٹیاں بنائی ہیں جس میں اُن کی اوسط 26 رنز کی رہی ہے۔

ڈیوڈ وارنر 2024 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد مکمل طور پر کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)اگر وارنر کو ان کی خواہش کے مطابق ریٹائرمنٹ کے لیے سڈنی ٹیسٹ مل جاتا ہے تو پھر وہ 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کریں گے۔ اگلے برس فروری کے بعد وہ مختلف فرنچائز کی ڈیل کو بھی دیکھیں گے۔

 وہ کہتے ہیں کہ ’میں 2024 کا ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں۔ یہ چیز میرے دماغ میں ہے۔ اس سے پہلے ہمیں بہت سے کرکٹ کھیلنی ہے۔ اور پھر مجھے لگتا ہے وہ فروری کے بعد ختم ہو جائے گی۔ مجھے اس کے بعد آئی پی ایل کھیلنا ہے اور کچھ اور فرنچائزز کی نمائندگی کرنی ہے۔‘

خیال رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کی جانب سے 103 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کرتے ہوئے 45 کی اوسط کے ساتھ 8158 رنز بنائے ہیں۔

انہوں نے ریڈ بال کرکٹ میں 25 سینچریاں اور 34 ففٹیاں بھی اپنے نام کی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More