انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بدھ کے روز ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق روہت شرما کا بیان اگلے ماہ انگلینڈ کے دورے سے پہلے سامنے آیا ہے۔روہت شرما کا کہنا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
67 ٹیسٹ میچوں میں روہت شرما نے 4,301 رنز بنائے، جن میں 12 سینچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 212 رنز کی اپنے کیریئر کی بہترین اننگز 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں روہت شرما کی بیٹنگ اوسط 40 سے زائد رہی۔38 سالہ روہت نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ان تمام برسوں میں محبت اور حمایت دینے پر آپ سب کا شکریہ۔‘روہت نے گزشتہ سال بارباڈوس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انڈیا کی جیت کے بعد ویراٹ کوہلی کے ساتھ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔حال ہی میں انہوں نے بطور کپتان ٹیم کو دبئی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی جتوائی تھی۔انڈیا جون-جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز کرے گا اور اب ٹیم کو نیا ٹیسٹ کپتان درکار ہوگا۔روہت شرما کا آخری ٹیسٹ میچ گذشتہ سال میلبورن میں تھا، جب انڈیا آسٹریلیا سے 184 رنز سے ہار گیا تھا۔انہوں نے سڈنی میں پانچویں ٹیسٹ کے دوران ناقص بیٹنگ فارم کے باعث کپتانی چھوڑ دی، تاہم انڈیا وہ میچ اور پانچ میچوں کی سیریز 2-1 سے ہار گیا۔روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں میں پانچ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے، جس کے بعد انڈین میڈیا میں ان کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔