’مکھی پر مکھی نہ مارو‘، آفتاب اقبال اور سہیل احمد کی ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری

اردو نیوز  |  Apr 16, 2024

پاکستان کے مشہور اینکر آفتاب اقبال اور کامیڈی اداکار سہیل احمد کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔

سہیل احمد نے اداکار احمد علی بٹ کی یوٹیوب پوڈ کاسٹ میں آفتاب اقبال کی شخصیت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے جواب میں آفتاب اقبال نے بھی اپنے ویلوگ میں سہیل احمد پر خوب لفظی گولہ باری کی۔

سہیل احمد نے احمد علی بٹ کے ساتھ پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آفتاب اقبال کسی کو پرکھنے والے کون ہوتے ہیں۔ انہوں نے خود ہمارے پاس بیٹھ کر سیکھا ہے۔ وہ (آفتاب اقبال) پہلے بیوروکریٹ تھے اور کالم لکھتے تھے۔‘

سہیل احمد نے مزید کہا کہ ’آفتاب اقبال کو کسی آرٹسٹ کے بارے میں فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔ آفتاب اقبال میرے ہاتھوں میں آیا ہوا ہے تاہم مجھے پتا ہے وہ 11 ویں مہینے بعد (حسب حال شو سے) دوڑ گیا تھا۔ کسی نے کینیڈا میں اس سے پوچھا کہ سہیل احمد کو آپ نے کیوں چھوڑ دیا تو انہوں نے کہا کہ سہیل احمد لائیو شو نہیں کر سکتا اسی وجہ سے میں نے چھوڑ دیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں پچھلے 30 سال سے لائیو پرفارمنس ہی کرتا رہا ہوں۔ لائیو پرفارمنس مجھے کیا بتا رہے ہو۔‘

اس کے علاوہ سہیل احمد نے آفتاب اقبال کے شو کے دوران بیٹھنے کے انداز پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے آفتاب اقبال پر مزید الزام لگایا کہ اُن کا ’کسوٹی‘ شو سکرپٹڈ ہوتا ہے۔

سہیل احمد نے آفتاب اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنے اور اپنے ابا جان کے علاوہ بھی کسی کو عزت دو۔‘

یہی نہیں بلکہ انہوں نے آفتاب اقبال کو ’جاہل‘ بھی کہہ ڈالا۔

سہیل احمد کی تنقید کے بعد آفتاب اقبال نے اپنے ویلوگ میں کہا کہ ’سہیل صاحب، انتظار کرتے رہیں۔ خبرہار سیزن دو پھر آئے گا اور آپ کی توقعات کے عین مطابق آئے گا۔‘

آفتاب اقبال نے مزید کہا کہ ’اچھے آرٹسٹ میرے پاس کام کریں گے۔ وہ ہی آرٹسٹ جو یہاں سے بھاگے ہوئے ہیں جن سے کام نہیں ہو پا رہا، بشمول آپ کے۔ آپ نے میری جدائی کے بعد فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کے علاوہ کوئی ایسا کام نہیں کیا جو شہرہ آفاق ہو۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مکھی پر مکھی نہ مارو۔ جب سے میں حسب حال چھوڑ کر آیا ہوں، آپ نے اس شو کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کیا ہے؟ آپ نے بندہ تبدیل کر لیا بس۔‘ 

آفتاب اقبال نے الزام لگایا کہ فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کے علاوہ سہیل احمد نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جو شہرہ آفاق ہو‘ (فوٹو: یوٹیوب سکرین شاٹ)

آفتاب اقبال نے مزید کہا کہ ’آپ بطور ایکٹر بڑے محترم ہیں۔ آپ کا ایکٹر ہونا ہی بہت ہے۔ آپ کو اپنے انداز پر تھوڑا قابو رکھنا چاہیے تھا۔ آپ نے یہ کس سے سیکھا ہے؟ فخری احمد (اداکار) نے آپ کو یہ سکھایا ہے کہ کسی ساتھی کے ساتھ ایسے بات کرنی ہے جس کے ساتھ چار دن اچھے گزرے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یوں لگ رہا ہے جیسے میں نے لاشعوری طور پر کچھ کر لیا ہے جس کا آپ کو بڑا غم ہے، دکھ ہے۔‘

خیال رہے کہ آفتاب اقبال اور سہیل احمد نے 2009 سے 2010 تک ایک ساتھ دنیا ٹی وی کے مشہور زمانہ کامیڈی ٹاک شو ’حسب حال‘ میں کام کیا۔

اس کے بعد آفتاب اقبال نے جیو نیوز پر اپنا مشہور پروگرام خبرناک شروع کیا جس کے بعد انہوں نے دیگر کئی نجی ٹی وی چینلز پر خبردار، خبرزار، خبرہار جیسے سپرہٹ شو کیے جن سے امان اللہ، سخاوت ناز، آغا ماجد، سلیم البیلا، ناصر چنیوٹی، ہنی البیلا، ببو رانا، ظفری خان، روبی انعم اور اسد کیفی جیسے اداکاروں نے خوب شہرت حاصل کی۔

دوسری جانب سہیل احمد مسلسل حسب حال میں جنید سلیم کی میزبانی میں کام کرتے رہے۔

حسب حال سے سہیل احمد کے ساتھ ناجیہ بیگ، امانت چن، نواز انجم، گوگا جی، ذلفی اور جیا دلنواز نے بھی شہرت حاصل کی۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More