پاکستان عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے، صدر مملکت کا ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملیریا پر قابو پانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے۔

جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 25 اپریل کو ملیریا کا عالمی دن آگاہی پیدا کرنے اور ملیریا کے کنٹرول میں درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ صدر نے کہا کہ ملیریا کی روک تھام ، تشخیص اور علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات کا مقصد ملیریا کے ہر مشتبہ کیس کی جانچ، تصدیق اور اس کا معیاری علاج کرنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ بات باعث خوشی ہے کہ وزارت قومی صحت نے مشترکہ یونٹ کے ذریعے ملیریا سے نمٹنے کے لیے ٹھوس کوششیں کی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کامن مینجمنٹ یونٹ ملیریا نے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سے 2022 میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں ملیریا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیلاب جیسی بڑی قدرتی آفت کی وجہ سے ملیریا کی روک تھام کی کوششوں کو نقصان پہنچا، تمام صوبائی حکومتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز ملیریا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی اقدامات کریں

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More