پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ سے شکست، ’بابر اعظم نے اگلے سال نیپال کی انڈر 19 ٹیم سے کھیلنے کی درخواست کی ہے‘

بی بی سی اردو  |  Apr 25, 2024

Getty Images

نیوزی لینڈ نے ٹم رابنسن کی نصف سنچری اور بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے پانچ اوورز میں 56 رنز بنائے۔ اس موقع پر زمان خان نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنانے والے تام بلنڈل کو آوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

جبکہ دوسرے اینڈ سے ٹم رابنسن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں 93 رنز بنائے اور 11ویں اوور میں عباس آفریدی نے رابنسن کو 51 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 رنز پر گری جب افتخار احمد کی گیند پر شاداب خان نے مارک چیپمین کا بہترین کیچ پکڑا۔چوتھی وکٹ ڈین فاکس کرافٹ کی اسامہ میر نے حاصل کی اور انھوں نے 34 رنز بنائے۔ جس کے بعد مائیکل بریسویل اور جیمز نیشام نے سکور کو 169 تک پہنچایا لیکن عباس آفریدی نے 27 رنز بنانے والے کیوی کپتان بریسویل کو آؤٹ کیا اور اس کے اگلی ہی گیند پر جوش کلارکسن کو بھی چلتا کیا۔

اننگز کی آخری گیند پر عامر نے اش سودھی کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس طرح نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

Getty Images

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا جبدوسرے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم صرف پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 40 کے مجموعی سکور پر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد آنے والے پاکستانی بلے باز عثمان بھی صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔

46 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تین وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے مل کر سکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن آٹھ رنز بنانے کے بعد شاداب بریسویل کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے فخر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور افتخار کے ہمراہ 59 رنز کی ساجھے داری بنا کر سکور کو 138 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر میچ پاکستان کی گرفت میں نظر آ رہا تھا لیکن 23 رنز بنانے والے افتخار کے بعد 61 رنز کی باری کھیلنے والے فخر کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے سے میچ کا پانسہ یکدم نیوزی لینڈ کے حق میں پلٹ گیا۔

اختتامی اوورز میں عماد وسیم نے 11 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ اور یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ نے میچ چار رنز سے جیت لیا۔

Getty Imagesسوشل میڈیا پر بابر پر تنقید اور شاداب کی تعریف

پاکستان ٹیم کے میچ ہارنے کا دکھ کم کرنے کے لیے کرکٹ شائقین نے دل کھول کر سوشل میڈیا پر اپنے سخت اور تنقیدی تبصروں میں پاکستان ٹیم اور خصوصاً بابر اعظم کی کپتانی کو ہدفبنایا۔

بہت سے سوشل میڈیا صارف نے بابر اعظم کی کپتانی کے متعلق سوال اٹھایا تو کچھ نے میچ میں شریک ایک بچے کے میچ کے فیصلے کے بعد پریشان ہونے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔

جبکہ چند صارفین مارک چیپمین کا شاندار کیچ پکڑنے پر شاداب کی تعریف کرتے بھی نظر آئے۔

پاکستان ٹیم کے قدرے کمزور اور ناتجربہ کار نیوزی لینڈ ٹیم کے ہاتھوں شکست پر ایک صارف حمزہ شیخ نے مایوس شائق بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ

’ آپ جانتے ہیں کہ ان تصویروں کے بارے میں سب سے افسوسناک بات کیا ہے کہ یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور آپ کو اس دفاعی حکمت عملی اپنانے والے اور بنا سوجھ بوجھ والے کپتان کے ساتھ اگلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ آپ کو بہت تکلیف دے گا۔ بابر اعظم شرم کرو۔‘

https://twitter.com/Sheikhhumza49/status/1783566632155246998

ایک صارف نے بابر اعظم کی کپتانی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر اعظم نے پی سی بی سے درخواست کی ہےکہ اگلے سال نیوزی لینڈ کی سکول ٹیم کی بجائے نیپال کی انڈر 19 ٹیم کے سیریز رکھی جائے۔ یہ بابر اعظم کی ایک بار دوبارہ نہایت افسوسناک، شرمناک اور غلط کپتانی ہے، ایک اور سیریز میں ناکام کی وجہ ان کی متوسط سوچ اور حکمت عملی ہے۔‘

https://twitter.com/crickymat77/status/1783557966479708404

ہدیل عبید نامی صارف نے افسردہ بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اس نیلی شرٹ والے بچے کو بتانا چاہتی ہوں کہ اپنے آنسو سنبھال کر رکھے، یہ صرف اس اذیت کا آغاز ہے جو ابھی آنے والی ہے، ہماری ٹیم ہمیشہ متوسط ہے، آپ تیار رہو کہ یہ آپ کی خواہش اور خواب کو بار بار روند دے گی، ہم باقیوں کے لیے اب بہت دیر ہو چکی ہے۔‘

https://twitter.com/hadouken51/status/1783557862045729030

نجیب نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ تصویر پوری کہانی بیان کر رہی ہے، ایک ناتجربہ کار ٹیم کے خلاف یہ ایک شرمناک پرفارمنس تھی، یہ پاکستان کی کرکٹ کے لیے پستی کا نیا مقام ہے۔‘

https://twitter.com/iMShami_/status/1783559824111702024

تاہم اس سب کے درمیان احشتام نامی صارف کپتان بابر اعظم کی حمایت میں تبصرہ کرتے لکھا کہ ’کیا ہم صرف کپتان کی وجہ سے میچز جیتتے ہیں؟ پوری ٹیم اپنا کردار ادا کرتی ہے کیونکہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے جہاں ہر کسی کو پرفارم کرنا پڑتا ہے؟ کیوں ہر کوئی صرف بابر اعظم پر ہی تنقید کرتا ہے جب ہم ہار جاتے ہیں۔

لیکن جہاں ایک طرف کچھ ناراض کرکٹ شائق بابر اعظم کی کپتانی اور ٹیم کت کارکردگی پر تنقید کر رہے ہیں وہیں کچھ صارفین شاداب خان کی فیلڈنگ کی بھی تعریف کرتے دکھائی دیے۔

واضح رہے کہ شاداب خان نے مارک چیپمین کا شاندار کیچ پکڑا تھا۔ بلکہ یوں کہیں کہ بجلی کی تیزی سے لپک پر گیند پر جھپٹے تھے۔

ایک صارف نے ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاداب میں سپرمین کی طرح کیچ پکڑا ہے۔

https://twitter.com/13hamdard/status/1783533867368128628

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’شاداب ٹیم میں اپنی بولنگ کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے ہیں۔‘

https://twitter.com/76haiderkhan/status/1783521891585536368

حیدر نامی ایک اور صارف نے شاداب کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ انھیں کبھی بھی پلیئنگ الیون سے باہر نہیں رکھ سکتے، وہ بولنگ اور بلے بازی کے بغیر بھی کھیلے گے اور ٹیم اور کھیل پر اپنا اثر ڈالے گے۔ عالمی کرکٹ میں اس وقت سب سے زیادہ متاثر کن کھلاڑی آپ کے لیے شاداب خان ہیں۔‘

کیا آئی پی ایل میں ’بے رحمانہ‘ بلے بازی کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے بدل رہی ہے؟’نیوزی لینڈ کرکٹ کا پاکستان سے مذاق‘’چیپ مین کی پیش قدمی، جو متوقع نہ تھی‘سوشل میڈیا پر دھونی کے 20 رنز کا شور جس نے روہت شرما کی سنچری کو پھیکا کر دیا
مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More