پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی معیشت کے لیے مددگار نہیں: محمد اورنگزیب

اردو نیوز  |  Apr 27, 2025

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی معشیت کی بہتری کے لیے ’مددگار‘ نہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب ان دنوں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کی غرض سے امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔ 

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں جب ان سے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے کے ممکنہ اثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تناؤ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مددگار نہیں ہو گا۔‘

22 اپریل کو پہلگام میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سخت کشیدگی پیدا ہوئی اور دونوں ممالک نے ایک بار پھر ایک دوسرے پر دہشت گردی کی پشت پناہی کے الزامات لگائے۔

دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات نہ ہونے کے باعث پہلے سے ہی تجارت کا حجم زوال کا شکار تھا جو پچھلے برس صرف ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر تھا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جون 2025 میں ختم ہونے والے مالی سال میں تقریباً تین اور اگلے سال کے لیے چار سے پانچ فیصد تک شرح نمو کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

ان کے مطابق ’اس کے بعد پاکستان میں ترقی کی رفتار چھ فیصد تک پہنچ جائے گی۔‘

محمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی ظاہر کی کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ  مئی کے آغاز میں معاہدے پر دستخط کر دے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چین کے ساتھ کاروباری معاملات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے چین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سویپ لائن میں 10 ارب یوآن (14 ارب ڈالر) کا اضافہ کرے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال کے اختتام سے قبل پانڈا بانڈ کا اجرا بھی کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ پہلے ہی 30 ارب یوآن کی سویپ لائن رکھتا ہے۔

پانڈا بانڈ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پاکستانی وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس معاملے پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدور کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے، جو کافی تعمیری رہی ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے قرضوں کی بنیاد کو متنوع بنانا چاہتے ہیں اور میدان میں کچھ بہتر پیش رفت بھی کی ہے۔‘

آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر محمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی کہ ادارے کا ایگزیکٹیو بورڈ  مئی کے آغاز میں معاہدے پر دستخط کر دے گا

جو پروگرام کے تحت ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کے نئے انتظام کے تحت ہو گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ آئی ایم ایف مئی کے دوران ہی سات ارب ڈالر کے جاری بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے کی بھی منظوری دے دے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More