کیا دنیا کے امیرتین فرد ایلون مسک کے 100 سے زائد بچے ہیں؟

اردو نیوز  |  Apr 27, 2025

دنیا کے امیر ترین فرد اور ایکس کے بانی ایلون مسک کے کم از کم 14 بچے ہیں جن کی معلومات منظر عام پر آچکی ہے تاہم معروف امریکی صحافی الزبتھ برونگ کے مطابق یہ تعداد درحقیقت اس سے کئی زیادہ ہو سکتی ہے۔

الزبتھ برونگ نے پوڈکاسٹ ’سینیٹی‘ میں بات چیت کرتے ہوئے ایلون مسک کی ذاتی زندگی کے متعلق نئے انکشافات کیے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق صحافی الزبتھ برونگ نے کہا ہے کہ ’مجھے ان کے 14 بچوں کا علم ہے لیکن جو افراد وال سٹریٹ جرنل سے ان کی اولاد کے متعلق تفتیشی رپورٹ کے لیے بات کر چکے ہیں ان کے مطابق یہ تعداد کہیں زیادہ ہے، میں نے کچھ لوگوں کو یہ اندازہ لگاتے ہوئے سنا ہے کہ یہ تعداد 100 یا اس سے بھی زیادہ ہے۔‘

صحافی الزبتھ برونگ نے حال ہی میں ’دی حریم آف ایلون مسک‘ کے عنوان سے ایک تحقیقاتی مضمون بھی تحریر کیا ہے۔

پوڈکاسٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ مجھے واقعی حیران کرے گا، اگر ان کے بچوں کی تعداد واقعی اتنی زیادہ ہو، لیکن یہ بات بھی یقینی ہے کہ ایلون مسک کے 14 سے زائد بچے ہیں۔ اب تک، میرے خیال میں چار خواتین ایسی ہیں جن سے ان کے بچے ہیں، ہو سکتا ہے کہ ایشلے سینٹ کلیئر کے اضافے کے ساتھ یہ تعداد پانچ ہو جائے، لیکن بظاہر یہ چار ہی ہیں۔‘

پوڈ کاسٹ کے میزبان ایلیسن کیمروٹا نے وضاحت کی کہ اس حوالے سے بہت سی معلومات عوام سے پوشیدہ کیوں رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ان بچوں اور خواتین کے بارے میں اس لیے زیادہ علم نہیں ہے کیونکہ ایلون مسک اپنے ساتھیوں سے رازداری کے معاہدے سائن کرواتے ہیں، وہ اپنی وکلاء کے ذریعے محفوظ ہیں اور اگر ان سے متعلق کوئی بات سامنے آئے بھی تو ایلون مسک قانونی کارروائی کرتے ہیں۔‘

کیمروٹا نے مزید کہا کہ ایلون مسک مبینہ طور پر ان خواتین کو خاموش رہنے کے لیے بھاری مالی معاوضہ بھی ادا کرتے ہیں۔

الزبتھ برونگ نے انکشاف کیا کہ کنزرویٹیو سوشل میڈیا انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر کو مبینہ طور پر خاموش رہنے کے بدلے 15 ملین ڈالر اور ہر ماہ ایک لاکھ ڈالر کا گزارہ الاؤنس دیا جاتا ہے۔

بعد ازاں گفتگو کے دوران کیمروٹا نے سوال اٹھایا کہ ایلون مسک کا یہ طرز عمل ریپبلیکن پارٹی کی ’فیملی ویلیوز‘ کی روایتی حمایت سے کیسے میل کھاتا ہے؟

 مصنفہ اور انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر نے دعوی کیا تھا کہ وہ ایلون مسک کے بچے کی ماں ہیں (فوٹو: ڈبلیو ایدس جے)انہوں نے کہا کہ ’یہ سب کچھ بہت ہی تاریک، استحصالی اور شدید منافقانہ ہے کیونکہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ریپبلکنز ہمیشہ سے ہی خاندانی ویلیوز کے علمبردار رہے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کہاں کی خاندانی اقدار ہیں کہ ایلون مسک اپنے کچھ بچوں کو تسلیم ہی نہیں کرتے؟ بعض کے پیدائشی سرٹیفکیٹ پر بھی دستخط نہیں کرتے، خواتین کو پیسے دے کر خاموش کراتے ہیں، ان پر عدالتوں میں حملے کرتے ہیں، ان کی اپنی بیٹی ویوین سے بھی دوری ہے، یہ کسی بھی عقلمند انسان کے تصور کردہ خاندانی اقدار کے بالکل خلاف ہے۔‘

صحافی الزبتھ برونگ نے کہا کہ ’ایلون مسک کا باپ بننے کا نظریہ روایتی خاندانی اقدار کے بجائے ایک مخصوص آئیڈیالوجی پر مبنی ہے۔‘

ایلون مسک کے شیون زیلس سے چار بچے ہیں (فوٹو: گیٹی)’ایلون مسک کئی بار ٹویٹ کر چکے ہیں اور بیان بھی دے چکے ہیں کہ آبادی میں کمی انسانی تہذیب کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے، ایلون مسک سمجھتے ہیں کہ ذہین لوگوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے چاہیے۔‘

ایلون مسک کے تین مختلف بیویوں سے 14 بچے ہیں تاہم فروری 2025 میں مصنفہ اور انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر نے دعوی کیا تھا کہ ان کے ہاں ایلون مسک سے ایک بیٹا رومولس پیدا ہوا ہے۔

سینٹ کلیئر نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ایلون مسک نے ان کے بچے کی پرورش پر کوئی توجہ نہیں دی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More