سیما حیدر کو لینے کے دینے پڑ گئے۔۔ بھارت چھوڑنے کا حکم ملنے کے بعد مودی اور یوگی کی منتیں کرنے پر مجبور

ہماری ویب  |  Apr 28, 2025

"میں پاکستان کی بیٹی تھی، اب بھارت کی بہو ہوں۔ مجھے یہیں رہنے دیا جائے، میں واپس نہیں جانا چاہتی۔"

سیما حیدر نے نم آنکھوں اور لرزتی آواز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے یہ جذباتی اپیل کی ہے، جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی سیما، جو نیپال کے راستے غیرقانونی طور پر بھارت پہنچیں اور بھارتی نوجوان سچن مینا سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، اب نئی دہلی کے سخت فیصلوں کے باعث اپنے مستقبل کو لے کر شدید فکر مند ہیں۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی شہریوں کی ویزہ سہولیات معطل کر دی ہیں، جس کے بعد سیما کو ملک بدری کا ڈر لاحق ہو گیا ہے۔

سیما نے دعویٰ کیا کہ شادی کے بعد انہوں نے ہندو مذہب اپنا لیا ہے اور اب وہ ایک وفادار بھارتی شہری کی طرح زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ ان کے وکیل اے پی سنگھ کا کہنا ہے کہ چونکہ سیما نے بھارتی شہری سچن مینا سے شادی کی ہے اور ان کی ایک بیٹی "بھارتی مینا" بھی پیدا ہو چکی ہے، اس لیے ان کی شناخت اب بھارت سے جڑ چکی ہے، اور ویزہ پابندیوں کا اطلاق ان پر نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب، حکومت ہند نے پاکستانی ویزوں کو 27 اپریل سے منسوخ قرار دے دیا ہے، اور تمام پاکستانیوں کو میعاد ختم ہونے سے قبل ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا ہے، البتہ میڈیکل ویزوں کو 29 اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سیما اور سچن کی دوستی 2019 میں ایک آن لائن گیم کے ذریعے پروان چڑھی تھی۔ سیما نے 2023 میں اپنے چار بچوں سمیت پاکستان چھوڑ کر سچن کے ساتھ نئی زندگی کی شروعات کی تھی۔ دونوں اب گریٹر نوئیڈا میں مقیم ہیں، مگر موجودہ صورت حال نے سیما کی دنیا میں بے یقینی بھر دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More