پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’گذشتہ رات انڈیا نے جارحیت کر کے فاش غلطی کی اور اسے اس غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘
بدھ کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، انڈیا کے پانچ جنگی طیارے جو ان کا غرور تھے، اب صرف راکھ، ملبہ اور نشانِ عبرت بن چکے۔‘
’یہ انڈیا کو ہمارا دندان شِکن جواب تھا جس میں سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں۔‘
وزیراعظم نے سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’پاک فوج نے ایک بار پھر دشمن پر اپنی برتری ثابت کردی۔ پاکستان کی سالمیت اور دفاع کے لیے پوری قوم یک جان دو قالب ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے بزدلانہ حملے میں ہمارے 26 شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے، پوری قوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائے گا۔‘
’یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر حملہ کر کے خود کو طاقت ور سمجھتا ہے، لیکن کل رات ہم نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انڈیا کی یہ خام خیالی ہے کہ اس کی مہم جوئی دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہماری توجہ ہٹا سکے گی۔‘
’پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔‘