انڈیا کے حملوں میں 31 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوئے: آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  May 08, 2025

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا کے حملوں میں 31 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوئے ہیں۔

بدھ کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’کم عمر اور نہتے شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا، کیا یہ دہشت گرد تھے۔ ہم نے اپنے دفاع میں فوجی اہداف کو چنا ناکہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ یہ وہ اہداف تھے جہاں سے حملہ کیا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی تو انڈیا اپنی فوج کے ساتھ ان کی مدد کو اتر آیا۔ انڈیا اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور کئی پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں۔ انڈیا لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انڈیا کے سات ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔‘

ان کے مطابق ابھی تک پاکستانی فوج کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انڈیا کے حملے کے دوران بین الاقوامی پروازوں کو بھی خطرہ تھا۔ 57 پروازیں فضا میں تھیں جن میں سینکڑوں افراد کی جان کو خطرہ تھا۔ انڈیا نے انہیں خطرے میں ڈالا۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کو نشانہ بنایا گیا اور اس پر شیلنگ کی گئی جو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’قومی اسلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں فوج کو اختیار دیا گیا ہے اور  انڈین جارحیت کا جواب کب اور کیسے دینا ہے، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے۔ نہتے شہریوں کے خون کے آخری قطرے کا حساب لیا جائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More