پاکستان، انڈیا تنازع حل ہو گیا، دونوں ممالک بہت خوش ہیں: صدر ٹرمپ

اردو نیوز  |  May 15, 2025

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان دشمنی ختم ہو گئی ہے اور دونوں ممالک امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے حالیہ سیزفائر سے ’بہت خوش‘ ہیں۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ہمسایہ ممالک نے گذشتہ ہفتے امریکہ کی سفارتی کوششوں اور دباؤ کے بعد ہفتے کے روز جنگ بندی پر راضی ہوگئے تھے۔

ٹرمپ نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر تعینات فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اس سیزفائر سے بہت خوش تھا اور انڈیا بھی بہت خوش تھا، اور میرا خیال ہے کہ وہ صحیح راستے پر ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے یہ مسئلے کو اس طرح حل کرایا کہ سبھی بہت خوش ہیں۔ میں آپ کو بتا دوں، یہ لگ رہا تھا کہ یہ معاملہ واقعی قابو سے باہر ہونے والا ہے۔‘

گذشتہ ہفتے انڈیا اور پاکستان کے درمیان شدید جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب انڈیا نے پاکستان میں موجود ان مقامات پر حملہ کیا جنہیں اس نے ’دہشت گرد کیمپ‘ قرار دیا۔

یہ حملے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں گذشتہ ماہ ہونے والے سیاحوں پر حملے کے ردعمل میں کیے گئے، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ نئی دہلی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے کی پشت پناہی پاکستان کر رہا تھا۔

اسلام آباد نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا، اور اس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی فضائی حدود میں میزائل اور ڈرونز بھیجے۔ 10 مئی کو امریکی صدر کی مداخلت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More