اگر آپ کے اینڈرائیڈ فونز کی بیٹری بہت تیزی سے ختم ہو جاتی ہے اور کوئی وجہ سمجھ نہیں آرہی، تو ایسا ایک مقبول ایپ کے باعث ہو رہا ہوگا۔
جی ہاں واقعی گوگل نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ اینڈرائیڈ فونز میں انسٹا گرام ایپ بیٹری کے تیزی سے ختم ہونے کی وجہ بن رہی ہے۔ گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انسٹا گرام کے تازہ ترین ورژن کو اپ ڈیٹ کرلیں جس میں اس مسئلے کو فکس کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اپریل 2025 میں متعدد اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے آن لائن شکایت کی گئی تھی کہ ان کے فونز کی بیٹریاں بہت تیزی سے ختم ہو رہی ہیں۔یہاں تک کہ وہ انسٹا گرام کو بہت زیادہ استعمال کرنے کے عادی نہیں تھے۔
بیشتر افراد نے رپورٹ کیا گیا کہ دیگر ایپس کے مقابلے میں انسٹا گرام کی جانب سے زیادہ بیٹری پاور خرچ کی جاتی ہے، حالانکہ سب ایپس کے استعمال کا دورانیہ لگ بھگ ایک جیسا ہوتا ہے۔بیشتر افراد نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ انسٹا گرام کو انسٹال کرتے ہیں اور ایپ بیک گراؤنڈ پر متحرک ہوتی ہے تو فونز زیادہ گرم ہو جاتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان میں اس مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا انسٹا گرام ایپ کے موجودہ ورژن کی وجہ سے ہو رہا ہے اور صارفین کو فوری طور پر نئے ورژن کو اپ ڈیٹ کرلینا چاہیے۔
یہ نیا ورژن مختلف خطوں میں متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔ گوگل یا انسٹا گرام کی جانب سے بیٹری تیزی سے ختم ہونے کی کوئی تکنیکی وجہ نہیں بتائی گئی۔