9 مئی کیس: پی ٹی آئی ایم این اے اور سابق ایم پی اے سمیت 11 ملزمان کو سزائیں

سچ ٹی وی  |  May 30, 2025

انسداددہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس میں پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11ملزمان کو سزا سنادی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 9 مئی کو تھانہ رمنا پر حملےکے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف، سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو مجموعی طور پر 15 سال 4 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے عدالت میں موجود 4 ملزمان محمداکرم، میراخان، شاہ زیب اور سہیل خان کو تحویل میں لےلیا جب کہ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان نے تھانہ رمنا پر حملہ کیا، فائرنگ اور پتھراؤ کیا، پولیس والوں کو مارنے کی کوشش کی جب کہ ملزمان نے اپنے مقاصد کے لیے موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی، ملزمان کے خلاف 24 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں اور ملزمان کی مجسٹریٹ صاحبان کے سامنے شناخت پریڈ کی گئی۔

جج طاہر عباس نے کہا کہ پولیس پر قاتلانہ حملے پر ملزمان کو 5سال قید، 50 ہزار جرمانہ اور موٹرسائیکل جلانے پر 4سال قید 40 ہزار روپےجرمانہ، پولیس کے کام میں مداخلت پر 3 ماہ قید، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ماہ جب کہ مجمع بنا کر جرم کرنے پر 2 سال قیدکی سزا سنائی جاتی ہے۔

جج نے فیصلے میں کہا کہ دہشتگردی کی دفعات پر 10سال قید اور 2 لاکھ روپےجرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔ جج طاہر عباس نے مزید کہا کہ اسلام آبادکے تھانوں پرحملہ ہوتا ہےتو ملک میں کوئی جگہ رہنےکے قابل نہیں رہےگی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More